پختونخوا کالج ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع ہری پور کی اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی

بدھ 16 نومبر 2016 17:52

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) پختونخوا کالج ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع ہری پور نے بدھ کو اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی میں ضلع بھر سے کالج اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پختونخوا کالج ٹیچرز ایسوی ایشن (پیکٹا) کی طرف سے پریس کلب ہری پور کے سامنے ایک پرامن مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت صوبائی جنرل سیکرٹری (پیکٹا) پروفیسر خان دل بادشاہ نے کی۔

مظاہرے میں پیکٹا کے ضلعی صدر پروفیسر ذوالفقار علی، ضلع جنرل سیکرٹری پروفیسر اعجاز، ضلعی جوائنٹ سیکرٹری پروفیسر طارق حلیم، صوبائی جوائنٹ سیکرٹری پروفیسر محمد گلفراز، پروفیسر خالد محمود، پروفیسر حاجی جواد، پروفیسر شاہ نواز، پروفیسر قاضی ظفر، پروفیسر عبد الصبور، پروفیسر عبدالجلیل، پروفیسر عبدالحفیظ، پروفیسر محمد اشفاق، پروفیسر خضر حیات، پروفیسر ساجد محمود نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

پروفیسر خان دل بادشاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت کالج پروفیسرز کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے، تعلیمی ایمر جنسی کا دعویٰ کرنے والی حکومت غلط پالیسیوں کے باعث قوم کے معمار سڑکوں پر ہیں۔ پروفیسر خان دل بادشاہ نے پریس کلب کے سامنے اپنے مطالبات پیش کئے جن میں کالج پروفیسرز کو ون سٹیپ اپ گریڈیشن، کالج ٹیچرز کو ڈاکٹرز کی طرز پر ٹیچنگ پروفیشنل الائونس دیا جائے۔ کالج پروفیسر کی گریڈ 18، 19 اور 20 گریڈ میں 1200 سے زائد خالی آسامیاں پر پروموشن کے عمل کو پورا کیا جائے، فاٹا ایڈہاک لیکچرارز اور ٹیچنگ الائونس کو مستقل کیا جائے، شامل ہیں۔