تاجروں کی ترقی و خوشحالی کے لئے عملی اقدامات کی اشد ضرورت ہے،لاہور چیمبر

بدھ 16 نومبر 2016 18:47

لاہور۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا ہے کہ لاہور چیمبر تاجروں کے بینک اکائونٹس تک رسائی، ودہولڈنگ ٹیکس، ٹریفک جام ، ناجائز تجاوزات اور سرکاری عملے کی جانب سے صوابدیدی اختیارات کے غلط استعمال سمیت تمام مسائل سے آگاہ ہے اور انہیں حل کرانے کے لیے بھرپور کوششیں کررہا ہے۔

لاہور کراکری اینڈ گلاس ویئر مرچنٹس گروپ کے چیئرمین حاجی فرخ اقبال اور دیگر عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جن کو پرسکون اور آزادانہ کاروباری ماحول فراہم کیے بغیر معاشی ترقی کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی ترقی و خوشحالی وعدوں تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات کی اشد ضرورت ہے، مشکل حالات کے باوجود کاروبار کرکے تاجر ملک سے اپنی وابستگی کا ثبوت دے رہے ہیں، وفاقی و صوبائی حکومتوں کو بھی جواباً مثبت ردّ عمل کا مظاہرہ کرنا اور تاجروں کے مسائل حل کرنے چاہئیں۔

(جاری ہے)

محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ ٹیکس وصول کرنے والے عملے کی جانب سے صوابدیدی اختیارات کے غلط استعمال، سمگل شدہ مال کی چیکنگ کے نام پر مارکیٹوں کے باہر ناکوں، ٹیکسوں کے پیچیدہ نظام، ٹیکسوں کی زیادہ شرح، کاروباری امور میں مختلف محکموں کی مداخلت، بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس، بینک اکائونٹس تک رسائی ، ٹریفک کے بدترین مسائل اور جرائم نے تاجروں کا کاروبار کرنا محال کررکھا ہے ۔حاجی فرخ اقبال نے مارکیٹ ترقیاتی پروگرام شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مارکیٹوں میں انفراسٹرکچر، بجلی و ٹیلی فون اور نکاسی آب کا نظام درست کرنے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :