دیرینہ بلدیاتی مسائل کو حل کرنے کیلئے ممبران کے باہمی تعاون سے بھرپوراقدامات کئے جارہے ہیں، میونسپل کمیٹی میرپورخاص کے چیئرمین فاروق جمیل درانی کا اجلاس سے خطاب

بدھ 16 نومبر 2016 18:57

میرپورخاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) میونسپل کمیٹی میرپورخاص کے چیئرمین فاروق جمیل درانی کی زیرصدارت کونسل ہال میں میونسپل کونسل کا عمومی اجلاس منعقد ہوا اس موقع پر چیئرمین نے کہا کہ میرپورخاص کے دیرینہ بلدیاتی مسائل کو حل کرنے کیلئے میونسپل کمیٹی کی جانب سے ایوان کے ممبران کے باہمی تعاون سے بھرپوراقدامات کئے جارہے ہیں ۔

اجلاس میں شہر کی بہتری و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کیلئی12 نقاطی ایجنڈے پر غور کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ تعارفی اجلاس کی توثیق کی گئی، سوئیٹ ہوم میں5بچوں کی اموات اور پیپلز پارٹی کے رہنما جہانگیر بدر کی وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی، پاک افواج کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیاگیا اور ملک دشمن بیانات کی مذمت او رمظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میںچیئرمین نے کہا کہ میرپورخاص کی47وارڈ میں180خاکروب ہیںجو ناکافی ہیں، میرپورخاص شہر کی صفائی ستھرائی کے کام کو بہتربنانے کیلئے خاکروب کی ہروارڈ میں اشد ضرورت کیلئے 100خاکروب یومیہ اجرت پر رکھنے کی منظوری دی گئی ،مویشی پیڑی کی منتقلی بلدیہ سلاٹر ہاؤس عمرکوٹ روڈ سے پی سی بی گر اؤنڈ گلستان مصطفی ہاؤسنگ اسکیم بلدیہ میرپورخاص میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد منتقل کرنے کی بھی منظوری دی گئی ، ایوان کی جانب سے میرپورخاص انٹری گیٹ کو قائداعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب کرنے کے مطالبے پر اتفاق رائے سے منظوری دی گئی ، پرائیویٹ ہسپتالوں کی جانب سے گند کچرہ باہر پھینکنے پر ٹیکس لگانے کی قرارداد پیش کی گئی ، میونسپل کمیٹی کی حدود میں کوئی بھی ادارہ بلدیہ کی اجازت کے بغیر کسی بھی قسم کا کوئی کام نہیں کراسکتا کے ایجنڈے کو اتفاق رائے سے منظور کرکے کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی، بلدیہ کی خالی زمینوں پر ہونے والے قبضوں کو خالی کرانے ، گٹر لائن توڑ کر بندکرنے، واٹر سپلائی لائن توڑ کر پینے کا پانی زرعی زمینوں میں استعمال کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرنے کی منظور دی گئی۔

بلدیہ کا پرانا اسکریپ ،گاڑیوںکے ڈھانچے نیلام کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی بلدیہ کے ٹیکسوں و فیسوں کے ٹھیکہ جات کے متعلق ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ایوان نے مطالبہ کیا کہ ماضی میں میونسپل کمیٹی میرپورخاص میں 185ملازمین سندھ کے دیگر اضلاع کے ڈومیسائل رکھنے والوںکو ملازمیتیں دی گئیں جس پر 60سی70لاکھ روپے تنخواہوں کی مد میں خرچ ہورہے ہیں انہیں فارغ کیاجائے، 69مسلمان خاکروب بھرتی کئے گئے جو کام نہیں کررہے ہیں انہیں پمپنگ اسٹیشنوں اور کچرہ اٹھانے والی چنگچی گاڑیوں کوچلانے پر ڈیوٹی پر معمور کیا جائے جس پر قائد حزب اختلاف نواب قریشی نے کہا کہ 185ملازمین کو یکدم فارغ کرنا زیادتی ہوگی اس لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے ۔

چیئرمین نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کے ٹوٹلOZTشیئرمیں 1کروڑ 42لاکھ روپے ملے ہیں جو میونسپل کمیٹی کے ساتھ بڑی زیادتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 30لاکھ روپے واپڈا کے بلدیہ کی طرف بل کی مد میںبقایاجات ہیں جونہ ادانہ کئے گئے تو بجلی منقطع ہونے کا خدشہ ہے جس سے شہر میں پینے کے پانی کی فراہمی اورسیوریج کی نکاسی کا مسئلہ ہوسکتا ہے۔اس موقع پر وائس چیئرمین فرید احمد خان، چیف میونسپل آفیسر آغا عابد اور کونسل کے اراکین بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :