تعلیمی بورڈز کی طرف سے میٹرک ، انٹرمیڈیٹ کے داخلہ کی لیٹ فیس وصولی کے خلاف درخواست پر سیکرٹری تعلیم سے جواب طلب

بدھ 16 نومبر 2016 19:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے تعلیمی بورڈز کی طرف سے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے داخلہ کی لیٹ فیس وصولی کے خلاف درخوست پر سیکرٹری تعلیم سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 25کے تحت مفت تعلیم ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن حکومت اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی، پنجاب بھر میں تعلیمی بورڈز لیٹ داخلہ بھجوانے پر فی طالب علم 9ہزار 336روپے وصول کرتے ہیں جبکہ لیٹ داخلہ کی رجسٹریشن فیس کی ادائیگی بھی کی جاتی ہے ،لیٹ داخلہ فیس اور رجسٹریشن فیس کی وصولی آئین کی خلاف ورزی ہے۔

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ تعلیمی بورڈز کو لیٹ داخلہ فیس اور رجسٹریشن فیس کی وصولی سے روکا جائے۔ فاضل عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد نوٹس جاری کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ تعلیم سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :