Live Updates

احتساب سے بچنے کیلئے جعلی دستاویزات کا سہارا لینے والوں کو خواری کا سامنا کرنا پڑے گا‘سراج الحق

حکومت اور اپوزیشن میں موجود لٹیرے احتساب کے شکنجے میں ضرور آئیں گے ، قوم لٹیروں کا بلاامتیاز کڑا احتساب چاہتی ہے اور بیس کروڑ عوام کی نظریں عدالت عظمیٰ پر لگی ہوئی ہیں ، تحریک انصاف ترکی کے صدر طیب اردگان کے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران پارلیمنٹ میں موجود ہوتی تو بہتر تھا‘امیر جماعت اسلامی

بدھ 16 نومبر 2016 19:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ احتساب سے بچنے کے لیے جعلی دستاویزات کا سہارا لینے والوں کو خواری کا سامنا کرنا پڑے گا، حکومت اور اپوزیشن میں موجود لٹیرے احتساب کے شکنجے میں ضرور آئیں گے ، قوم لٹیروں کا بلاامتیاز کڑا احتساب چاہتی ہے اور بیس کروڑ عوام کی نظریں عدالت عظمیٰ پر لگی ہوئی ہیں ، تحریک انصاف ترکی کے صدر طیب اردگان کے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران پارلیمنٹ میں موجود ہوتی تو بہتر تھا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی پنجاب کے نو منتخب امرائے اضلاع کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرامیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد اور سیکرٹری جنرل بلا ل قدرت بٹ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ قوم نے سپریم کورٹ سے امیدیں باندھ رکھی ہیں اور عوام چاہتے ہیں کہ قومی امانتوں میں خیانت کرنے اور خزانے کو لوٹنے والوں کے چہروں سے نقاب اترنے چاہئیں اور لوٹی گئی ایک ایک پائی وصول کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کے ساتھ ساتھ مشرف اور زرداری حکومت کا بھی مکمل آڈٹ ہوناچاہیے ۔ ملک کو 73 ارب ڈالر کا مقروض کرنے اور قوم کے ہاتھوں میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی کی ہتھکڑیاں پہنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔ ان لوگوں کو اقتدار کے ایوانوں کی بجائے جیل کی کال کوٹھڑیوں میں ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے بھیس میں لٹیروں کا ٹولہ مسلسل قوم کو دھوکہ دیتا اور ملک دشمن قوتوں کا آلہ کار بنتا چلا آ رہاہے ۔

ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی شناخت قائم رکھنے کے لیے قوم کو تحریک پاکستان کے جذبہ سے ایک بار پھر بڑی قومی تحریک اٹھانا ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران اب بھی دن رات قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور مایوسیاں پھیلانے میں مصروف ہیں اور تاثر یہ دیا جارہاہے کہ پانامہ لیکس سے کچھ نہیں نکلے گا مگر ہمیں امید ہے کہ ملک و قوم کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے اور غریب عوام کی خوشیاں چھیننے والوں کو مزید مہلت نہیں ملے گی ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کامیابی سے ہمکنار ہونے والی ہے ۔ ملک بھر کے عوام کرپشن کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور ہر جگہ حکمرانوں کی کرپشن کے چرچے ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات