پاکستانی بولنگ اٹیک ہر طرح کی کنڈیشنز میں بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے‘ مصباح الحق

بولرز نیوزی لینڈ کی پچز پر بھی بہترین بولنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں،گرین پچز پر ہمارے بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے

بدھ 16 نومبر 2016 20:01

پاکستانی بولنگ اٹیک ہر طرح کی کنڈیشنز میں بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) قومی ٹیست کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہاہے کہ پاکستانی بولنگ اٹیک ہر طرح کی کنڈیشنز میں بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، بولرز نیوزی لینڈ کی پچز پر بھی بہترین بولنگ کی صلاحیت رکھتے ہیںتاہم گرین پچز پر ہمارے بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے مقابلے میں کھلاڑیوں کا پر اعتماد ہونا اہم کردار ادا کرے گا، کیویز کھلاڑیوں کا مورال دورہ بھارت میں شکست کے بعد سے گرا ہوا ہے جب کہ ان کے مقابلے میں قومی کرکٹرز کو یہ ایڈوانٹیج حاصل ہے کہ وہ زیادہ پراعتماد ہیں تاہم کیویز ٹیم اپنی کنڈیشنز سے زیادہ ہم آہنگ ہے اوران کے پاس بہترین بلے باز موجود ہیں لیکن وہ پرامید ہیں کہ پاکستانی بولرز اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیویز کو قابو کرلیں گے۔

(جاری ہے)

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ یواے ای اور نیوز لینڈ کی کنڈیشنز میں بہت فرق ہے جب کہ ہمارے متعدد کھلاڑی پہلی بار نیوزی لینڈ کا دورہ کررہے ہیں اس لیے یہاں کی گرین پچز پر ہمارے بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے ذمہ داری کے ساتھ بیٹنگ کی اور اچھا اسکو ر بنانے میں کامیاب ہوگئے تو ہم میزبان ٹیم کے لیے مشکلات کھڑے کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ پاکستانی وقت کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کرائسٹ چرچ میں شروع ہوگا۔ نیلسن میں نیوزی لینڈ اے سے سہ روزہ وارم اپ میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث گرین کیپس کو 2 میچز کی سیریز کی تیاریوں کا مناسب موقع نہیں مل سکا البتہ کرائسٹ چرچ میں ٹریننگ سے کھلاڑیوں نے آنے والی سیریز کیلیے خود کو کافی حد تک تیار کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :