پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے اشتراک سے سمندر میں تیل کے بہائو سے نمٹنے کے لیے تین روزہ مشق "باراکوڈا ہفتم کا انعقاد

پاکستان نیوی اور میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی گوادر سمیت پاکستان کے تمام سمندری مقامات کی سکیورٹی کی مکمل اہلیت رکھتی ہے ، رئیر ایڈمرل جمیل اختر

بدھ 16 نومبر 2016 20:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کی ہدایت پر پاکستان نیوی اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے تمام متعلقہ اداروں کے اشتراک سے سمندر میں تیل کے بہائو سے نمٹنے کے لیے تین روزہ مشق "باراکوڈا ہفتم "(BARRACUDA VII)کا انعقاد کیا ۔ باراکوڈا کا مقصد سمندر میں تیل بہہ جانے کے عمل کو روکنے اور تیل بہہ جانے کی صورت میں اختیار کیے جانے والے طریقہ کار کی مشق کرناتھا۔

یہ مشق دو مراحل پر مشتمل تھی۔ پہلے مرحلے میں پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے ہیڈ کوارٹرز میں 14نومبر کو افتتاحی بریفنگ منعقد ہوئی جس میں تبادلہ ء خیال اور عملی مشق کی تیار ی شامل تھی۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے رئیر ایڈمرل جمیل اختر، ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے ہمراہ افتتاحی بریفنگ میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

بریفنگ میںتمام متعلقہ اداروں کے نمائند ے بھی موجود تھے۔ مشق کے د وسرے مرحلے کا انعقاد بدھ کو کراچی بندرگاہ سے ملحقہ علاقے میں کیا گیا جس میں تیل بہہ جانے کے عمل سے نمٹنے کی عملی مشق کی گئی۔ پاک بحریہ کے مختلف یونٹس کے علاوہ میری ٹائم سکیور ٹی ایجنسی، کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی، اور بی وائی سی او نے مشق میں حصہ لیا۔ جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز، نیول ہیڈ کوارٹرز، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، بی ای پی اے ، این آئی او کے نمائندوں اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ نے بھی مشق میں شرکت کی۔

میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رئیر ایڈمرل جمیل اختر نے ایم ایس اے کے جہاز سے مشق کا معائنہ کیا۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی ایک کثیر تعداد نے بھی اس مشق کا مشاہدہ کیا ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے مشق کے اغراض و مقاصد اور تیل کے بہائو کے واقعات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کی صلاحیتوںپر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی اور میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی گوادر سمیت پاکستان کے تمام سمندری مقامات کی سکیورٹی کی مکمل اہلیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ، میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور دیگر متعلقہ اداروں جیسے پورٹ اتھارٹیز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی صلاحیتوں سے پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے بشمول گوادرمیں تیل کے بہائو کے واقعے کی صورت میں بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

رئیر ایڈمرل جمیل اختر نے میڈیا کے نمائندوں کو سمندر میں ہونے والی غیر قانونی سرگرمیوں اور ان سے نمٹنے کے لیے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ممنوع اشیاء کی اسمگلنگ کی روک تھام، بلوچستان اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں فشنگ بوٹس کے اندراج ، سمندری آلودگی سے آگاہی اور غیر قانونی ماہی گیری کے خلاف میری ٹا ئم سیکیورٹی ایجنسی کے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔

متعلقہ عنوان :