زلزلے کے بعد تعمیر نو کے عمل کو 11 سال گزر گئے

راولاکوٹ کی ضلعی انتظامیہ اربوں مالیت سے بننے والی زیر تعمیر ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں اپنے لیے دفاتر بھی تعمیر نہ کرا سکی انتظامی عملے کے زیر استعمال تین منزلہ پرائیوٹ عمارت کو مالک نے خالی کرادیا پونچھ ڈویثرن کے تمام دفاتر کو ایک جگہ منتقل کیا جائے،شہریوں کی چیف سیکرٹری اور سینئر ممبر بورڈا ٓف ریوینیو سے اپیل

بدھ 16 نومبر 2016 20:21

زلزلے کے بعد تعمیر نو کے عمل کو 11 سال گزر گئے
راولا کوٹ،اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2016ء)زلزلے کے بعد تعمیر نو کے عمل کو 11 سال گزر گئے ،راولاکوٹ کی ضلعی انتظامیہ اربوں روپے مالیت سے بننے والی زیر تعمیر ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں اپنے لیے دفاتر بھی تعمیر نہ کرا سکی، کمشنرپونچھ ڈویثرن ، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر سمیت تمام انتظامی عملے کے زیر استعمال تین منزلہ پرائیوٹ عمارت کو مالک نے خالی کرادیا، انتظامی آفیسران نے بے دخل ہونے کے بعد شہر کے مختلف حصوں میں الگ الگ دفاتر قائم کر کے کام شروع کردیا، انتظامی ا ٓفیسران کے پاس محکمہ مال ، ڈومیسائل ، ریٹ کنٹرول سمیت دیگر اہم ایشوز کیلئے جانے والے سائلین دفاتر کو تلاش کرتے کرتے خوار ہو کر رہ گئے ۔

شہریوں نے چیف سیکرٹری اور سینئر ممبر بورڈا ٓف ریوینیو سے اپیل کی ہے کہ پونچھ ڈویثرن کے تمام دفاتر کو ایک جگہ منتقل کیا جائے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق 8 اکبوتر 2005ء کے زلزلے کی تباہی کو 11 سال گزر گئے ہیں۔ تعمیراتی اداروں نے راولاکوٹ میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر کا آغاز تو کیا لیکن ماسوائے جوڈیشل بلاک کے تمام کام ادھورا پڑا ہے ۔ڈویثرنل اور ضلعی انتظامیہ جہاں شہر کے زیر تعمیر منصوبوں کو مکمل کرانے میں ناکام رہی ہیں وہاں اپنے لیے بھی دفاتر مکمل نہ کرائے جا سکے۔

راولاکوٹ میں یونائیٹڈ روڈ پر ایک تین منزلہ عمارت کو دفاتر کے استعمال کیلئے کرائے پر لیا گیا تھا جسے عمارت کے مالک نے بارہا نوٹس جاری کرنے کے بعد خالی کرا دیا ہے۔ دوسری طرف اس عمارت سے بے دخل ہونے کے بعد کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے قریب ہی ایک پرانی عمارت میں دفاتر قائم کیے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر ، مال افسر اور تحصیلدار نے پرانی کچہری میں دفاتر قائم کیے ہیں۔

محکمہ مال سے متعلقہ شکایات،ڈومیسائل ، ریٹ کنٹرول سمیت دیگر اہم ایشوز کیلئے جانے والے سائیلین خوار ہو کر رہ گئے ہیں۔ راولاکوٹ کے شہریوں نے چیف سیکرٹری سکندر سلطان راجہ ، سینئر ممبر بورڈ آف ریوینیو احسان خالد کیانی سے اپیل کی ہے کہ وہ راولاکوٹ میں انتظامیہ کو پابند بنائیں کہ جہاں وہ زیر تعمیر ڈسٹرکٹ کمپلیکس کو مکمل کرائیں وہاں انتظامیہ کے تمام دفاتر کو ایک عمارت میں شفٹ کرائیں تو کہ عوام کو دفاتر کی تلاش نہ کرنی پڑے۔