قوموںکی ترقی اورکامیابی تعلیم کے بغیر ناممکن ہے‘ وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی

بدھ 16 نومبر 2016 22:04

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) ترقی یافتہ قوموں کی کامیابی کا راز صرف اور صرف تعلیم میں مضمر ہے، وہ قومیں جنہوں نے تعلیم پر توجہ نہیں دی وہ آج پسماندہ رہ گئی ہیں، بطور طالب علم آپ کا سب سے پہلا فرض تعلیم حاصل کرنا ہے کیونکہ تعلیم کے بغیر ترقی ناممکن ہے ، آپ کے والدین کو آپ سے بہت ساری امیدیں وابستہ ہیں جن پر آپ کو ہر صورت پورا اترنا ہے، ہمیں وقت کی قدر کرنا سیکھنا ہو گا، کتاب سے دوستی ہی ہمیں کامیابی کی منزل کے قریب لیکر جا سکتی ہے۔

یہ بات وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے بدھ کو مینجمنٹ سائنسز کے طلباء و طالبات اور اساتذہ سے خطاب کے دوران کہیں۔ قبل ازیں مینجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ کاشف ارشاد نے اپنے ڈیپارٹمنٹ کے حوالہ سے بریفنگ دی اور طلباء و طالبات اور تدریسی نظام کے متعلق وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے طلباء و اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہمارا اولین فرض ہے کہ ہم آپ کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کریں اور اس کیلئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائی جا رہی ہے، یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی اور تدریسی شعبہ جات کی بہتری کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں آپ کی طرف سے بھی مثبت کاوشیں درکار ہیں، ہماری اور آپ کی محنت ملکر پاکستان کو مستقبل میں بہترین لیڈر شپ مہیا کر سکتی ہے، اس یونیورسٹی اور آپ کے والدین کی امیدیں آپ سے وابستہ ہیں جس پر آپ نے پورا اترنا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی، طلباء و طالبات کتاب سے دوستی کریں، کتاب کی دوستی ہی صحیح معنوں میں ایک مہذب اور کامیاب انسان بناتی ہے، ہم جس جس شعبہ سے بھی تعلق رکھتے ہیں ہمیں دوسروں پر انگلی اٹھانے سے قبل خود کا احتساب کرنا ہو گا۔ پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمدنے کہا کہ انشاء الله وہ وقت دور نہیں جب ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پاکستان کا ایک بہترین ادارہ ہو گا اور اس میں داخلہ کا حصول ہر طالب علم کی خواہش ہو گی، اس کیلئے ہمیں سخت محنت اور کام سے لگن اور اپنے نیت کو صاف رکھنا ہو گا، انہیں پوری امید ہے کہ الله کے فضل و کرم سے ہم جس طرح خلوص نیت کے ساتھ کام کر رہے ہیں تو منزل کا حصول کچھ زیادہ مشکل نہیں ہو گا۔

متعلقہ عنوان :