آپریشن راہ نجات کے متاثرین میں امدادی چیکوں کی تقسیم

بدھ 16 نومبر 2016 22:30

جنوبی وزیرستان۔16نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء)جنوبی زیرستان میں آپریشن راہ نجات کے دوران تباہ شدہ مکانات کے مالکان میں امدادی چیکوں کی تقسیم شروع ہو گئی ہے۔فیز ون میں ایک ارب 90 کروڑ روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔جبکہ فیز ٹوڈیڑھ ارب روپے تقسیم کئے جارہے ہیں۔پولیٹیکل کمپانڈ ٹانک کے جرگہ ہال میں بدھ کے دن ایک تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں جنوبی وزیرستان کے اپریشن راہ نجات کے متاثرین کے تباہ شدہ مکانات کے مالکان کو امدادی چیکوں کی تقسیم کا افتتاح کیاگیا۔ جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک نے متاثرین کو چیک دیکر فیز ٹو کا باقائدہ افتتاح کردیا ۔ پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک نے تقریب سے خطاب اور بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مکمل تباہ شدہ مکانات کے مالکان کو چار لاکھ روپے جبکہ جزوی تباہ شدہ مکانات کے مالکان کو ایک لاکھ ساٹھ ہزار روپے دئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ چیک جنوبی وزیرستان کے تحصیل تیارزہ اور تحصیل سروکئی کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے متاثرین میں تقسیم کئے گئے۔ان کا کہناتھا کہ چیکوں کی تقسیم کاعمل صاف وشفاف طریقے سے کیا جارہا ہے جس میں میڈیا اور قبائلی عمائدین بھی موجود ہوتے ہیں۔جنوبی وزیرستان کانی گرم کے سرکردہ قبائلی راہنماملک عرفان الدین برکی کا کہناتھا کہ جنوبی وزیرستان کانی گرم کے اسمان منزہ،چلغوزی ،سکندرہ سلے روغہ کے علاقوں کا ابھی تک سروے نہیں ہوا ہے۔

انھوں نے جی او سی نائن ڈیو وانا میجر جنرل خالد جاوید اور جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ کانی گرم کے باقی ماندہ علاقوں کا جلد از جلد سروے کرانے کے لئے احکامات صادکریں ۔تاکہ قبائلی عوام میں پائی جانے والی تشویش کا ازالہ ہوسکے۔