مشیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب کی زیر صدارت اجلاس، محکمہ کے ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا

بدھ 16 نومبر 2016 22:30

پشاور۔16نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کا ایک اہم اجلاس بدھ کو ان کے دفتر پشاور میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات کے علاوہ محکمہ کے دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ کے ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا او ر اس میں مزید بہتری لانے کیلئے بعض اہم تجاویز پر غور و خوض کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ کے روڈ گینگ /کولی کی استعداد کار بڑھانے کیلئے انہیں ضروری سامان جبکہ کام کے دوران زیب تن کرنے کیلئے مخصوص یونیفارم کی فراہمی کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔اجلاس میںاس امر پر زور دیا گیا کہ روڈ پر کام کرنے والے روڈ گینگ کی باقاعدہ فہرست مرتب کی جائے اور ان کی چیکنگ کی خاطر انسپکشن ٹیم تشکیل دی جائے گی ۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا گیا کہ متعلقہ روڈ انسپکٹر ان کی حاضری کا ذمہ دار ہوگا گا اور غیر حاضری کی صورت میں متعلقہ اہلکار کے خلاف ضابطے کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں تنخواہ کی بندش ، شوکاز نوٹس کا اجراء اور نوکری سے برخاستگی بھی شامل ہے۔