سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے ہیلتھ سروسز کا اجلاس‘ اسلام آباد میں شیشہ سموکنگ تدارک بل 2016ء پر غور

بدھ 16 نومبر 2016 22:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے ہیلتھ سروسز کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر سجاد حسین طوری کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹرز اعظم خان سواتی کے اسلام آباد میں شیشہ سموکنگ تدارک بل 2016ء پر غور کیا گیا۔اراکین کمیٹی نے بل کے حوالے سے اپنی رائے دی اور بل کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا۔

سینیٹر نعمان وزیر خٹک نے غیر قانونی او رسمگل شدہ سگریٹ برانڈز کی مارکیٹ میں دستیابی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تدارک کیلئے کیا اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔کمیٹی نے ہدایات دیں کہ اگلے اجلاس میں اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔کیڈ اور وزارت صحت نے بل پر اپنا مؤقف دیا اور بتایا کہ موجودہ قوانین میں شیشہ سموکنگ کے تدا رک کیلئے شق موجود ہے جبکہ وزارت قانون نے بھی اپنے مؤقف سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ چونکہ قانون میں شیشہ سموکنگ کے تدارک کیلئے مناسب شقیں موجود ہیں لہذا اس بل کی ضرورت نہیں ہے۔کمیٹی نے کہا کہ غیر قانونی سگریٹ برانڈز کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے۔کمیٹی نے پی ایم ڈی سی کی داخلوں کے حوالے سے پالیسی پر اعتراضات اٹھائے اور درست کرنے کی سفارش کی۔ کمیٹی نے متعلقہ حکام نے پرائیویٹ ہسپتالوں میں مریضوں کو بلامعاوضہ دی جانی والی طبی سہولیات کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔

سینیٹر ڈاکٹر اشوک کمار کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دی جو کہ سندھ اور بلوچستان میں ہسپتالوں کا دورہ کرے گی۔خیبر پختونخوا کو سینیٹر نعمان وزیر خٹک اسلام آباد کو سینیٹر سجاد حسین طوری خود دیکھیں۔جبکہ پنجاب کے میڈیکل کالجز اور ٹیچنگ ہسپتالوںکو سینیٹرخالدہ پروین اورسینیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی خود دیکھیں گے۔ اجلا س میں سینیٹرز ڈاکٹر اشوک کمار،نعمان وزیر خٹک ،میاں محمد عتیق شیخ اور خالدہ پروین، عائشہ رضا فاروق نے شرکت کی۔اس موقع پر متعلقہ اداروں کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :