بھارت پاکستان کیخلاف کسی بھی قسم کی جارحیت سے باز رہے‘ جنرل راحیل شریف کی للکار

فوج نے ملکی دفاع کیلئے بہترین نتائج دئیے ‘ بھارتی جارحیت کے جواب میں ان کے 42 فوجی مارے جا چکے ہیں‘ بھارتی فوج کو چاہیے کہ مردانگی کا مظاہرہ کرکے اپنے مرنے والے فوجیوں کی تعداد سے بھی آگاہی دے ‘پاک فوج کی شہادتوں کے حوالے سے ہم بتا چکے ہیں ‘بھارت ہماری فوج کی قابلیت اور صلاحیت سے بخوبی آگاہ ہے، ہم ہر طرح سے ملکی دفاع کیلئے تیار ہیں‘ بھارتی وزیر اعظم کو یہ بات سمجھ آ گئی ہے کہ جارحیت سے کچھ نہیں ہو گا آرمی چیف کی ایوان صدر میں ترک صدر طیب اردگان کے اعزاز میں دئیے عشائیہ کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

بدھ 16 نومبر 2016 22:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 نومبر2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ فوج نے ملکی دفاع کیلئے بہترین نتائج دئیے ہیں‘ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے حالیہ بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان کے 7 فوجی شہید ہوئے جبکہ بھارت کے 11 فوجی مارے گئے ‘ پاک فوج کی ہونے والی شہادتوں کے حوالے سے ہم پہلے ہی بتا چکے ہیں بھارت فوج چاہیے تھا کہ مردانگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے مرنے والے فوجیوں کی تعداد سے بھی آگاہی دیا کرے‘بھارت ہماری فوج کی قابلیت اور صلاحیت سے بخوبی آگاہ ہے ہم ہر طرح سے ملکی دفاع کیلئے تیار ہیں‘ بھارتی وزیر اعظم کو یہ بات سمجھ آ گئی ہے کہ جارحیت سے کچھ نہیں ہو گا‘اب تک بھارتی جارحیت کے جواب میں ان کے 42 فوجی مارے جا چکے ہیں ۔

ایوان صدر میں ترک صدر رجب طیب اردگان کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک فوج نے ملکی دفاع کیلئے بہترین نتائج دئیے ہیں اور بہترین دفاع کا سہرا فوج کی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ۔

(جاری ہے)

لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے حالیہ بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان کے 7 فوجی شہید ہوئے جبکہ بھارت کے 11 فوجی مارے گئے ‘ پاک فوج کی ہونے والی شہادتوں کے حوالے سے ہم پہلے ہی بتا چکے ہیں بھارت فوج چاہیے تھا کہ مردانگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے مرنے والے فوجیوں کی تعداد سے بھی آگاہی دیا کرے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت ہماری فوج کی قابلیت اور صلاحیت سے بخوبی آگاہ ہے ہم ہر طرح سے ملکی دفاع کیلئے تیار ہیں۔ جب آرمی چیف سے یہ سوال کیا گیا کہ نریندر مودی باز کیوں نہیں آ رہے تو آرمی چیف نے کہاکہ انہیں سمجھ ہے کہ ہم کیا کر رہے ہیں اور ہماری کیا قابلیت ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کو مرد بننے کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف نے کہاکہ بھارت کے سرجیکل سٹرائیک باتوں کی حد تک تھی۔

بھارت کو اپنے دعوئوں پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ جہاں تک بھارت کی جانب سے سرجیکل سٹرائیک کا تعلق ہے تو میں اس کا خود جواب دے چکا ہوں۔ انہوں نے بھارت کو متنبہ کیا کہ وہ پاکستان کیخلاف کسی بھی قسم کی جارحیت سے باز رہے۔ بلوچستان میں اچھا کام ہوا ہے ۔ آرمی چیف نے یہ بات سابق کور کمانڈر بلوچستان اور وزیر اعظم کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہی ۔

مغربی بارڈر پر جو کچھ حاصل کیاہے اسے ضائع نہیں کر سکتے۔ آج بہاولپور میں فوجی مشقوں میں 6 کلو میٹر تک مار کرنے والا ملکی ساختہ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی مشترکہ مشقیں رعد البرق کامیاب رہیں اور تمام اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کو یہ بات سمجھ آ گئی ہے کہ جارحیت سے کچھ نہیں ہو گا۔ جنرل راحیل شریف نے کہاکہ اب تک بھارتی جارحیت کے جواب میں ان کے 42 فوجی مارے جا چکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج وردی میں ہونے والی ہلاکتیں تسلیم نہیں کرتی۔ …(رانا)