کینیڈین پارلیمنٹ کے باہر کشمیر ی اور پاکستانی کمیوٹنی کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

مظاہرین کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف نعرے بازی عالمی برادری اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قراردوں کے مطابق کشمیریوں کو انکا حق خود ارادیت دلانے کیلئے وعدے پورے کرے‘ کینیڈین حکومت اور قانون ساز بھارتی حکومت کے ساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھائیںاور کشمیریوں کو انکی مرضی کے مطابق مستقبل کا فیصلہ کرنے بارے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرایا جائے،مظاہرین کا مطالبہ

بدھ 16 نومبر 2016 23:02

اوٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 نومبر2016ء) کینیڈین پارلیمنٹ کے باہر کشمیر ی اور پاکستانی کمیوٹنی نے کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھارت کے خلاف نعرے بازی بھی کی ۔بدھ کو کشمیر ی اور پاکستانی کمیوٹنی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف کینیڈین پارلیمنٹ کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف نعرے درج تھے تاکہ عالمی برادری کی توجہ اس طرف دلائی جاسکے ۔مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قراردوں کے مطابق کشمیریوں کو انکا حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنے وعدے پورے کرے ۔

مظاہرین نے کینیڈین حکومت اور قانون سازوں پر زور دیا کہ وہ بھارتی حکومت کے ساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھائیںاور کشمیریوں کو انکی مرضی کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے دینے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرایا جائے۔