سینٹ آف پاکستان اور کمبوڈیا کی سینٹ کا دونوں ایوانوں کے سیکرٹریٹس کے امور کو بہتر بنانے کے لئے پارلیمانی رابطے اور تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق

بدھ 16 نومبر 2016 23:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) سینٹ آف پاکستان اور کمبوڈیا کی سینٹ نے دونوں ایوانوں کے سیکرٹریٹس کے امور کو بہتر بنانے کے لئے پارلیمانی رابطے اور تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں کمبوڈیا کی سینٹ کے ایک وفد نے کمبوڈیا کی سینٹ کے سیکرٹری جنرل اوم سارتھ کی قیادت میں بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہیں سینٹ سیکرٹریٹ کے مختلف امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کمبوڈیا کی سینٹ کے وفد نے بریفنگ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادے کے لئے تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں مفاہمت کی ایک یادداشت کے مطابق دونوں سیکرٹریٹس باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پروگرام ترتیب دیں گے اور اس سلسلے میں پارلیمانی وفود کے دوروں‘ انسانی وسائل کی ترقی کے لئے مشترکہ اقدامات اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سینٹ امجد پرویز ملک نے کہا کہ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کے دور میں سینٹ کی کمیٹیوں کا نظام بہت مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عسکریت پسندوں کے خلاف کامیاب آپریشن ضرب عضب شروع کیا ہے۔ کنٹرول لائن کی صورتحال انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا اور بالخصوص ایشیا کو آگے آنے کی ضرورت ہے اور تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لئے امن کو موقع دینا چاہیے اور علاقے کی سماجی اور اقتصادی ترقی کے لئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔

متعلقہ عنوان :