نوجوانوں کو آگے بڑھ کر شہر کراچی کی قیادت کرنا ہوگی،حافظ نعیم الرحمن

بدھ 16 نومبر 2016 23:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 نومبر2016ء) اجماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوان نسل اسلامی تحریک کا ہر اول دستہ ہے ،نوجوانوں کو بہکانے کے لیے شیطانی جال پھیلایا جارہا ہے اس کے باجود مغربی استعمار مسلم امہ کے نوجوانوں سے خائف ہے،اسلامی تحریکیں دیوبندی ، بریلوی ، شیعہ ، سنی کا نام نہیں بلکہ ایسی تحریک ہے جو زندگی کے تمام شعبوں پر حاوی ہے جو ایک کلمہ کی بنیاد پر قائم ہے ،جس کا ویژن آفاقی ہے ۔

پاکستان امریکہ، اسرائیل اور بھارت کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے ، ہمیںبیرونی سازشوں سے نبٹنے کی ضرورت ہے ، کرپٹ حکمران بیرونی آقاؤں سے مل کر اپنی ہی قوم کو تباہ کرناچاہتے ہیں، جماعت اسلامی سندھ کے تحت 26،27نومبر کو باغ جناح میں ہونے والا ورکرز کنونشن نوجوانوں کو نیا عزم اور حوصلہ دے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی شب ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی سندھ کے تحت ہونے والے ورکرز کنونشن کے سلسلے میں JIیوتھ کے تحت منعقد ہ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

یوتھ کنونشن سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، Jiیوتھ کراچی کے صدر حافظ بلال رمضان ، JIیوتھ ضلع غربی کے صدر انعام الرحمن نے بھی خطاب کیا اس موقع پر JIیوتھ ضلع شرقی کے صدر سعد فاروق اور دیگر بھی موجود تھے ۔ جبکہ JIیوتھ کے جنرل سکریٹری عارف غزنوی نے نظامت کے فرائض انجام دیے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ 30سال کی بند گلی کی سیاست نے شہر کو تباہ و برباد کردیا ہے ، جماعت اسلامی کے لوگوں نے اس شہر کی خاطر اپنی جانیں قربان کی ہیں ،مایوسیاں ختم ہورہی ہیں نوجوانوں کے پاس مواقع موجود ہیں ،ہمیں اپنے کردار کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ، اسلامی تحریک کا کارکن گلی محلے کے کاموں سے غافل نہ رہے ، ہمیں آگے بڑھ کر اس شہر کی قیادت کرنا ہوگی ، اس کے لیے ہمیں عبادت سمجھ کر شہر کی تعمیر و ترقی کا کام کرنا ہوگاانہوں نے کہا کہ تعصبات کا نعرہ لگانے والے آج خود اپنے انجام کو پہنچ گئے ہیں ،جماعت اسلامی نے امت کی ترجمانی کرتے ہوئے امت کی فلاح کا کام کیا ہے اور آئندہ بھی امت کے مفاد میں کام کرتی رہے گی ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سندھ کے تحت 26،27نومبر کو باغ جناح میں ہونے والا ورکرز کنونشن نوجوانوں کو نیا عزم اور حوصلہ دے گا۔ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا کہ آج کا نوجوان بے پناہ صلاحیت کا حامل ہے ، علامہ اقبال کے ویژن نے نوجوانوں میں تحریک پیدا کی لیکن پاکستان وجود میں آنے کے بعد آزادی کا اصل مقصد فراموش کردیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ وڈیروں اور جاگیرداروں نے آمریت کی حمائت کے ذریعے پاکستان تباہ کیا اور نوجوانوں کی طاقت کچلنے کے لیے حکمرانوں نے تعصبات کا کھیل کھیلا ،انہوں نے کہا کہ آج کے اس دو رمیں نوجوانوں کواہم کردار ادا کرنا ہوگا مشکلات سے لاتعلق ہونے کے بجائے اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے حالات کا سامنا کرنا ہوگا ۔

حافظ بلال رمضان نے کہا کہ کارکنان JIیوتھ کے ایک سال ہونے پر مبارکباد کے مستحق ہیں ، نوجوانوں میں پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنا JIیوتھ کی بڑی کامیابی ہے ۔۔انعام الرحمن نے کہا کہ JIیوتھ ایسا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جس کے ذریعے آپ کراچی کے کونے کونے تک نوجوانوں تک پہنچ سکتے ہیں اور ان کومیدان عمل میں آنے کی دعوت دے سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :