برطانوی وزیراعظم کا آئندہ برس پہلی ششماہی میںپاکستان کے دورے کا ارادہ ہے ، برطانوی حکام سے ملاقاتوں میں برطانوی سرزمین سے پاکستان میں تشدد پر اکسانے کا معاملہ اٹھایا، برطانوی ہوم سیکرٹری نے معاملے پر توجہ دینے کا یقین دلایا

عمران فاروق قتل کیس کے تینوں ملزمان کو برطانیہ لینا ہی نہیں چاہتا، برطانوی وزیرداخلہ سے عمران فاروق قتل کیس پر شواہد کا تبادلہ کیا ہے ، عمران فاروق قتل کیس کا معاملہ پاکستان میں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، لندن میں منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش کے طریقہ کار پر تشویش ہے،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی لندن میں پریس کانفرنس

بدھ 16 نومبر 2016 23:21

برطانوی وزیراعظم کا آئندہ برس پہلی ششماہی میںپاکستان کے دورے کا ارادہ ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 نومبر2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ برطانوی وزیراعظم ٹریزامے کا آئندہ برس پہلی ششماہی میںپاکستان کے دورے کا ارادہ ہے ، برطانوی سرزمین سے پاکستان میں تشدد پر اکسانے کا معاملہ اٹھایا، برطانوی ہوم سیکرٹری ایمبراڈ نے معاملے پر توجہ دینے کا یقین دلایا۔ وہ بدھ کو لندن میں پاکستان ہائی کمیشن میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں ملاقاتوں کے دوران بامقصد مذاکرات ہوئے ، برطانوی وزیراعظم ٹریزامے کا آئندہ سال کی پہلی ششماہی میں دورہ پاکستان کا ارادہ ہے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ برطانوی سرزمین سے پاکستان میں تشدد پر اکسانے کا معاملہ اٹھایا۔ بانی ایم کیو ایم کا معاملہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کے درمیان رکاوٹ ہے ، ہم چاہتے ہیں یہ معاملات طے ہو جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے جوڈیشل سسٹم پر سوالات اٹھ رہے ہیں ، عمران فاروق قتل کیس کے تینوں ملزمان کو برطانیہ لینا ہی نہیں چاہتا، برطانوی وزیرداخلہ سے عمران فاروق قتل کیس پر شواہد کا تبادلہ کیا ہے اور برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ معاملے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس کا معاملہ پاکستان میں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، لندن میں منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش کے طریقہ کار پر تشویش ہے۔