معروف اداکار شفیع محمد شاہ کو مداحوں سے بچھڑے نو برس بیت گئے

جمعرات 17 نومبر 2016 11:34

معروف اداکار شفیع محمد شاہ کو مداحوں سے بچھڑے نو برس بیت گئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) معروف اداکار شفیع محمد شاہ کو مداحوں سے بچھڑے نو سال بیت گئے۔ 1949 میں سندھ کے چھوٹے سے شہر کنڈیارو میں پیدا ہونے والے شفیع محمد شاہ کو خدا نے رعب دار آواز اور جاذب نظر شخصیت سے نوازا تھا۔ شفیع محمد نے فنی سفر کا آغاز حیدر آباد ریڈیو سٹیشن سے بطور صداکار کیا۔ جس کے بعد اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تو جاندار اداکاری سے اپنا لوہا منوا لیا۔

(جاری ہے)

شفیع محمد شاہ نے منفرد اداکاری سے مداحوں کے دلوں پر گہرے نقوش چھوڑے۔ تیسرا کنارہ، چاند گرہن، آنچ اور جنگل جیسے بے شمار ڈرامے ان کی فنی شناخت بنے۔ شفیع محمد شاہ نے کئی فلموں بھی کام کیا۔ بیوی ہو تو ایسی، ایسا بھی ہوتا ہے، نصیبوں والی، روبی، تلاش، میرا انصاف اور الزام میں ان کی پرفارمنس کو بے حد پسند کیا گیا۔ دھیمہ لیکن پر اثرلہجہ رکھنے والے شفیع محمد سترہ نومبر دو ہزار سات کو مداحوں کو اداس چھوڑ کر دنیا سے رخصت ہو گئے۔