غیر مناسب تصاویر شائع ہونے پر رونی نے غیر مشروط معافی مانگ لی

کھلاڑیوں کی فرصت کے اوقات کے بارے میں اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرینگے ،ْانگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن

جمعرات 17 نومبر 2016 12:43

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے کپتان وین رونی نے عبوری مینیجر گیرتھ ساؤتھ گیٹ سے ٹیم کے ہوٹل میں بین الاقوامی ڈیوٹی کے دوران ایک شادی کی تقریب کی تصاویر سامنے آنے پر غیر مشروط معافی مانگی ۔وین رونی کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں انھوں نے ان تصاویر کو غیر مناسب قرار دیا۔

اخبار دی سن نے ان تصاویر کو شائع کیا تھا جس میں دیکھا گیا کہ رونی نے ہفتہ کی رات شراب پی ہوئی تھی۔انگلینڈ نے جمعے کو کھیلے جانے والے فٹبال کے عالمی کپ کے کوالیفائنگ میچ میں سکاٹ لینڈ کو شکست دی تھی۔دوسری طرف انگلینڈ کی فٹبال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی فرصت کے اوقات کے بارے میں اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے گی۔

(جاری ہے)

رونی کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا کہ انھیں ان کے مداحوں کے ساتھ لی جانے والی تصاویر کے شائع ہونے پر افسوس ہے۔

بیان کے مطابق اگرچہ اس دن انگلینڈ کے پورے سکواڈ اور سٹاف کی چھٹی تھی تاہم وہ اس بات کو مکمل طور پر تسلیم کرتے ہیں کہ شائع ہونے والی تصاویر غیر مناسب تھیں۔رونی نے اس تصاویر کے شائع ہونے کے بعد عبوری مینیجر گیرتھ ساؤتھ گیٹ اور انگلینڈ کی فٹبال ایسوسی ایشن کے تکنیکی ڈائریکٹر ڈین ایش روتھ سے غیر مشروط معافی مانگی۔رونی کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق وہ اپنے نوجوان مداحوں سے بھی معافی مانگتے ہیں جنھوں نے ان تصاویر کو دیکھا ۔

متعلقہ عنوان :