لاہور ہائی کورٹ کی 150 سالہ تقریبات کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ جوڈیشل کانفرنس پرسوں منعقد ہوگی

جمعرات 17 نومبر 2016 15:01

لاہور ہائی کورٹ کی 150 سالہ تقریبات کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ جوڈیشل کانفرنس ..
فیصل آباد۔17 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) فیصل آباد کی ضلعی عدلیہ کی طرف سے لاہور ہائی کورٹ کی 150 سالہ تقریبات منانے کے سلسلے میں تین روزہ پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جبکہ اس ضمن میں19 سے 21 نومبر تک مختلف تقریبات منعقد ہونگی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عابد حسین قریشی نے بتایا کہ 19نومبر بروز ہفتہ کو سہ پہر 3 بجے سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں قانون کی حکمرانی کے موضوع پر ڈسٹرکٹ جوڈیشنل کانفرنس منعقد ہوگی جس میں قانون کے شعبہ سے وابستہ افراد کے علاوہ انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہونگے ،انہوں نے بتایا کہ 20 نومبر کو اقبال سٹیڈیم میں ضلعی عدلیہ فیصل آباد اور ضلعی عدلیہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مابین دوستانہ کرکٹ میچ منعقد ہوگا جبکہ 21 نومبر کو مختلف سکولوں کے طلبا ڈسٹرکٹ کورٹس کا دورہ کریں گے جنہیں عدالتی نظام اور طریقہ کار کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کی 150 ویں سالگرہ کی تقریبات کو ضلعی انتظامیہ و ضلعی پولیس کے اشتراک سے مربوط انداز میں منایا جائیگا جس کیلئے ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ڈی سی او سلمان غنی اور سی پی او افضال احمد کوثر نے لاہور ہائی کورٹ کی 150 ویں سالگرہ منانے کیلئے انتظامات میں بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ان پروگرامز میں ضلعی و پولیس انتظامیہ کی طرف سے بھرپور انداز میں شرکت کی جائے گی۔

بعد ازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عابد حسین قریشی نے میڈیا نمائندگان سے ملاقات کے دوران انہیں لاہور ہائی کورٹ کی 150 سالہ تقریبات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کی ڈیڑھ سو سالہ تاریخ کامیابیوں کی شاندار داستان ہے جس نے لوگوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت،انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کیلئے بہترین کردار ادا کیا لہٰذا چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے 150 ویں سالگرہ کو انتہائی شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس مقصد کیلئے ضلعی عدلیہ نے بھی مختلف پروگرامز ترتیب دئیے ہیں تاکہ ان تقریبات میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائے جائے۔

متعلقہ عنوان :