کلر کہا ر فیزنٹ شوٹنگ پروگرام2016ء ،انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے تین کمیٹیاں قائم کردی گئیں

فیزنٹ شوٹنگ سے حاصل ہونیوالی تمام رقم حکومتی خزانے میں جمع کروائی جائیگی،شکاریوں کیلئے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 21نومبر ہوگی فیزنٹ شوٹنگ کا بنیادی مقصدقانونی شکار کافروغ ،غیر قانونی شکار کی حوصلہ شکنی کرنا ہے ‘ ڈی جی جنگلی حیات و پارکس خالد عیاض خان کی زیر صدارت اجلاس

جمعرات 17 نومبر 2016 15:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالدعیاض خان نے تمام متعلقہ افسران کوکلرکہار فیزنٹ شوٹنگ پروگرام 2016ء کے سلسلہ میں انتظامات جلدمکمل کرنے اور تمام وائلڈ لائف پارکس کا وزٹ کرکے سر پلس فیزنٹس کی فہرستیں حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے یہ بات یہاں اپنے دفتر میں کلرکہار فیزنٹس شوٹنگ پروگرام کے انتظامات کے حوالے سے بلائے گئے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ہیڈکوارٹرز محمد نعیم بھٹی،ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈلائف سالٹ رینج ریاض احمد ، ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعود ، ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈلائف لاہورحسن علی سکھیرااور اسسٹنٹ ڈائریکٹروائلڈلائف عبدالشکورمنج بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیزنٹ شوٹنگ پروگرام سے حاصل ہونیوالی تمام رقم حکومتی خزانے میں جمع کروائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فیزنٹ شوٹنگ پروگرام کابنیادی مقصدقانونی شکار کوفروغ دینا اورغیر قانونی شکارکی حوصلہ شکنی کرنا ہے ۔اجلاس میں کلر کہا ر میں فیزنٹ شوٹنگ پروگرام2016ء کے سلسلہ میں مینجمنٹ کمیٹی، آپریشنل کمیٹی اور شفٹنگ کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں۔مینجمنٹ کمیٹی کا سربراہ ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی اینڈریسرچ عامر مسعود جبکہ آپریشنل کمیٹی کا ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف سالٹ رینج ریاض احمداورشفٹنگ کمیٹی کا سربراہ ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور حسن علی سکھیرا کو مقرر کیا گیا ہے ۔

خالدعیاض خان نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ شکاری صاحبان 21نومبر تک پے آرڈر/ڈرافٹ جمع کروادیں تاکہ انہیںان کی باری کے حوالے سے آگاہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ فیزنٹس شوٹنگ پروگرام کے حوالے سے قواعد و ضوابط اور شرائط کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جس پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے گا۔