ٹرمپ کے آنے کے بعد ہر طرح کے حالات کا سامنا کرنے کو تیار ہیں، خامنہ ای

جمعرات 17 نومبر 2016 16:22

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2016ء) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا میں ری پبلیکن پارٹی کے حمایت یافتہ ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد کچھ بھی ہوسکتا ہے، اس لیے ایران ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد ہرطرح کے حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے، ایران نہ تو موجودہ امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج سے خوش ہے اور نہ ہی دکھی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اپنے ایک بیان میںایرانی سپریم لیڈر نے امریکا کی دو بڑی سیاسی جماعتوں ری پبلیکن اور ڈیموکریٹس کو ایران کے لیے شر کی قوتیں قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ایران میں اسلامی انقلاب برپا ہوا امریکا کی ان دونوں بڑی سیاسی جماعتوں نے تہران کو زک پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔

(جاری ہے)

ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ان بیانات کا کوئی حوالہ نہیں دیا جن میں وہ اپنی انتخابی مہم کے دوران ایران کے جوہری پروگرام پر معاہدے کی مخالفت کرچکے ہیں۔

خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ہم امریکی انتخابات کے بارے میں کوئی حکم نہیں لگاتے۔ امریکا میں جو بھی جماعت اقتدار میں آئے وہ ایران کے لیے شر کی قوت ہی ثابت ہوتی ہے۔ایرانی حکام کے درمیان بھی امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے حوالے سے متضاد آرا پائی جاتی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے پر بعض ایرانی لیڈروں نے کہا تھا جب تک ڈونلڈ ٹرمپ اپنا موقف واضح نہیں کرتے ہمیں ان کے بارے میں کوئی رائے قایم نہیں کرنی چاہیے اور نہ ہی انہیں تنقید کا نشانہ بنانا چاہیے۔

ایران کے اصلاح پسند صدر حسن روحانی نے بھی نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے کا احترام کریں تاہم ایران کے شدت پسند حلقوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی کھل کر مخالفت شروع کی ہے۔

متعلقہ عنوان :