صوبائی زکوة کونسل نے تعلیمی وظائف کی مد میں دینی مدارس کیلئے 2کروڑ 75لاکھ روپے کا اجراء کردیا

9اضلاع کے 62دینی مدارس کے 3982طلبا و طالبات مستفید ہو ںگے،پی وی ٹی سی کے زیر انتظام چلنے والے 131نئے فنی تربیتی ادارہ جات کی فہرست بندی کی ہدایت کر دی ، چیئرمین صوبائی زکوة کونسل جسٹس (ر )اختر حسین کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلے

جمعرات 17 نومبر 2016 16:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) صوبائی زکوةکونسل پنجاب نے صوبہ کے 9اضلاع کے 62کے دینی مدارس کو تعلیمی وظائف کی مد میں سال 2016-17کے لیے 2کروڑ 75لاکھ 5ہزار روپے کا اجراء کردیا ہے ،دینی مدارس کو جاری کردہ رقوم سے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم3982طلباو طالبات مستفید ہو ںگے ۔

(جاری ہے)

اس امر کا فیصلہ صوبائی زکوة کونسل پنجاب کے چیئرمین جسٹس (ر ) اختر حسن کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں سیکرٹری زکوة و عشرمحمد حسن اقبال،ایڈ منسٹریٹرزکوةپنجاب محمد یوسف بٹ،کونسل کے اراکین حافظ فضل رحیم اشرفی،حافظ زبیر احمد ظہیر، سعید احمدانصاری ،محمد اظہر فاروقی،محترمہ تنویر کوثرکے علاوہ محکمہ خزانہ ،لوکل گورنمنٹ اور سوشل ویلفیئرکے سیکرٹری صاحبان کے نمائندگان نے شرکت کی۔

جسٹس (ر) اخترحسن نے اجلاس میں موجود محکمہ زکوة وعشرکے افسران کو جاری کردہ رقوم فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے زیر انتظام چلنے والے 131نئے فنی تربیتی ادارہ جات کی فہرست بندی کرنے اوراس ضمن میں جلد رپورٹ پیش کرنے کے علاوہ دیگر اموربھی زیر بحث آئے ۔