رہائشی سکیموں میںغیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایل ڈی اے کا آپریشن 5 عمارتیں مسمار

جمعرات 17 نومبر 2016 16:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ٹائون پلاننگ ونگ کے عملے نے گزشتہ روز غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کر کے شادمان اور سبزہ زار میں دو غیر قانونی زیر تعمیر کمرشل تعمیرات مسمار کر دیں۔ یہ عمارتیں پلاٹ نمبر31شادمان اور1399بلاک پی سبزہ زارپر تعمیر کی جارہی تھیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ایل ڈی اے کے اسٹیٹ مینجمنٹ پرائیویٹ ہائوسنگ سکیمز کے عملے نے گزشتہ روز تین نجی رہائشی سکیموں میں کارروائی کر کے پارک اور مفادِ عامہ کے لئے مختص جگہوں پر جاری غیرقانونی تعمیرات مسمار کر دیں۔

ایل ڈی اے کے عملے نے جوہر ٹائون کے قریب نجی رہائشی سکیموں خیابان ِ زہرا اور ریونیو ایمپلائیز کوآپریٹو سوسائٹی میں پارکوں کے لئے مختص جگہوں پر جاری سوسائٹی دفاتر کی تعمیر ات مسمار کردیں جبکہ پی سی ایس آئی آر سوسائٹی میں مفادِ عامہ کے لئے مختص جگہ پر زیر تعمیر ہال کو مسمار کر دیا ۔