پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہیگلے ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل بارش کے باعث منسوخ

محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کے باعث امپائرز نے پہلے روز کا کھیل منسوخ کیا

جمعرات 17 نومبر 2016 18:10

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہیگلے ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل بارش ..
کرائسٹ چرچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2016ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ کے پہلے روز کا کھیل مسلسل بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق رات 3 بجے میچ شروع ہونا تھا تاہم میچ شروع ہونے سے پہلے ہی بارش ہوگئی جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی جب کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کے بعد امپائرز نے پہلے روز کا کھیل بغیر ٹاس کے ہی منسوخ کردیا۔

مصباح الیون انگلینڈ کے خلاف 2-2 سے سیریز برابر کرنے کے بعد ویسٹ انڈیز کو بچھاڑ کر پراعتماد ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف بھی اچھا کھیل پیش کرنے کو بیتاب ہیں۔ہیگلے اوول گراؤنڈ کی پچ بولنگ کے لئے سازگار دکھائی دیتی ہے جب کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر، وہاب ریاض اور راحت علی میزبان ٹیم کے لئے مشکلات کھڑی کرسکتے ہیں جب کہ بیٹنگ کے شعبے میں قومی ٹیم کے پاس کپتان مصباح الحق، یونس خان، اظہر علی اور اسد شفیق جیسے قابل بھروسہ کھلاڑی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے اسکواڈ میں بابراعظم، سمیع اسلم، شرجیل خان، محمد رضوان، سرفراز احمد، محمد نواز، عمران خان، یاسر شاہ اور سہیل خان شامل ہیں۔دوسری جانب کیویز اسکواڈ میں کپتان کین ولیمسن ، ٹرینڈ بولٹ، میٹ ہینری، جیمز نیشام، ٹم ساؤتھی، جیمز ٹیلر، کولن ڈی گرینڈہوم، ٹوڈ ایسٹل، ٹام لیتھم، ہینری نیکولس، جیٹ راول، نیل ویگنر اور بی ٹی والٹنگ شامل ہیں۔۔

متعلقہ عنوان :