رینٹل پاور سکینڈل میں ملوث راجہ پرویز اشرف کے ساتھی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیخلاف درخواست پر سیکرٹری داخلہ سے جواب طلب

جمعرات 17 نومبر 2016 19:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے رینٹل پاور سکینڈل میں ملوث سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے ساتھی آفتاب بٹ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری داخلہ سے 20نومبر تک جواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار آفتاب بٹ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ وزارت داخلہ نے 2008ء سے نام ای سی ایل میں ڈال رکھا ہے حالانکہ درخواست گزار باقاعدگی سے رینٹل پاور سکینڈل کے ٹرائل میں شامل ہو رہا ہے اور عدالت میں یقین دہانی کی بنیاد پر ایک مرتبہ بیرون ملک سفر کر کے واپس پاکستان بھی آچکے ہیں، عدالتی فیصلے موجود ہیں کہ کسی بھی شہری کا نام لمبے عرصے اور غیرمعینہ مدت کیلئے ای سی ایل میں نہیں ڈالا جا سکتا لہٰذا وزارت داخلہ کو درخواست گزار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے۔

وزارت داخلہ کے مطابق درخواست گزار کوٹ ادو پاور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے طور پر رینٹل پاور پراجیکٹ سکینڈل میں ملوث ہیں، اس لئے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔ جس پر فاضل عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23نومبر تک جواب طلب کرلیا۔

متعلقہ عنوان :