سیاست کا محور عوامی مسائل کا حل ہے ،قومی مفادات کیلئے جدوجہد کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،سکندر حیات شیر پائو

جمعرات 17 نومبر 2016 19:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سوشل ویلفیئر سکندر حیات خان شیر پائو نے کہا ہے کہ ان کی سیاست کا محور عوامی مسائل کا حل ہے جبکہ قومی مفادات کیلئے ہماری جدوجہد کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصب دار ضلع صوابی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سینئر صوبائی وزیرنے کہا کہ عوام ہماری کارکردگی اور جدوجہد کا موازنہ کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ لوگ جوق در جوق قومی وطن پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پختون قوم تاریخی اور جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے عالمی ظلم کاشکار ہے ۔گزشتہ چالیس سال سے پختونوں کے ساتھ خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے اور اس سے بڑھ کر ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ایک صوبہ پختونخواکے وسائل لوٹ رہا ہے جس کی وجہ سے ہم معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ یہ صوبہ تین ہزار میگا واٹ سے زیادہ بجلی چالیس ہزار بیرل سے زیادہ تیل اور 400سے زیادہ ایم این سی ایف ڈی گیس پیدا کر رہا ہے لیکن ہمارا صوبہ اور فاٹا دونوں میںان بنیادی ضروریات کی ہمیشہ قلت رہتی ہے یہی وجہ ہے کہ ہماری قیادت نے پختونوں کے حقوق کے حصول کیلئے مکمل جدوجہد کا تہیہ کر رکھا ہے اور بہت جلد ہم اپنے حقوق حاصل کر کے ا ٓسودہ حال زندگی کا آغاز کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت نے ہمیشہ ہر قسم کی قربانی دی ہے اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سینئر صوبائی وزیر نے علاقے میں پیہور ہائی لیول کینال کی توسیع کے منصوبے کیلئے 10ارب روپے کی فراہمی کا اعلان کیا جس سے سوا دو لاکھ ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔انہوں نے صوابی میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کا بھی اعلان کیا۔

عوامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے انہوں نے آسوٹا،کالو خان،نارنجی نہر میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی بحالی کے لئے تین کروڑ روپے کی منظوری دی۔انہوں نے رابطہ پل کی تعمیر،شیخ جانا2کلو میٹر سڑک کی تعمیر اور علاقے کے تین سوطلبہ کیلئے محکمہ سوشل ویلفیئر کی طرف سے تعلیمی اخراجات فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔اس موقع پر علاقے کے درجنوں افراد نے قومی وطن پارٹی میں شمولیت کااعلان کیا۔تقریب سے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی عبدالکریم خان،سابق سینٹر حاجی محمد غفران خان،ضلع صوابی سے قومی وطن پارٹی کے صدر مسعود جبار اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :