حکمران تاخیری حربوں کے ذریعے عدالتی احتساب سے نہیں بچ سکتے‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل

بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے، بلدیاتی اداروں کو اختیارات دیئے جائیں ‘صاحبزادہ حامدر ضا

جمعرات 17 نومبر 2016 19:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکمران جعلی دستاویزات کا سہارا لے رہے ہیں، حکمران تاخیری حربوں کے ذریعے عدالتی احتساب سے نہیں بچ سکتے، بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے، بلدیاتی اداروں کو اختیارات دیئے جائیں کیونکہ اختیارات کے بغیر بلدیاتی ادارے بے معنی ہیں، بیمار اور لاغر گورنر کی نامزدگی سندھی عوام کے ساتھ مذاق ہے، بھارت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے، ٹرمپ جیسے انتہا پسند کی جیت امریکہ کی ہار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہلسنّت پنجاب کے امیر مفتی محمد اقبال چشتی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پانامہ لیکس کے مقدمہ کو غیر ضروری طور پر لٹکایا جارہا ہے۔ پاک فوج نے دفاع وطن اور انسداد دہشتگردی کیلئے بے مثال قر بانیاں دی ہیں۔ حکومت بھارت کی پاکستا ن میں مداخلت کو عالمی سطح پر بے نقا ب نہیں کرسکی۔

ہمار ا وزیر اعظم کل بھوشن کا نام کیوں نہیں لیتا۔ پاکستانی قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ غریب عوام غربت اور مہنگائی کی آگ میں جل رہی ہے لیکن حکمرانوں کو عوامی مشکلات کا کو ئی احساس نہیں۔حکومت نے داعش جیسے سنگین خطرے سے بھی آنکھیں بند کررکھی ہیں۔ پنجاب میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن نہ ہوا تو ضرب عضب میں پاک فوج کی قر بانیاں ضائع ہو جائینگی۔ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم خطے کے تمام ممالک کیلئے خطرہ ہیں۔