ویرات کوہلی نے کیریئر کے 50ویں ٹیسٹ کو سنچری سے یادگار بنا لیا

کوہلی بطور کپتان زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنا کر ٹنڈولکر کے ہم پلہ ہو گئے

جمعرات 17 نومبر 2016 19:56

ویرات کوہلی نے کیریئر کے 50ویں ٹیسٹ کو سنچری سے یادگار بنا لیا
ویشاکا پٹنم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) بھارتی ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں شاندار سنچری داغ دی، یہ ان کے کیریئر کی 14ویں سنچری ہے، کوہلی نے کیریئر کے پچاسویں ٹیسٹ میں سنچری بنا کر اسے یادگار بنا لیا، اس کے علاوہ انہوں نے بحیثیت کپتان سابق ہم وطن بلے باز سچن ٹنڈولکر کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا، اسطرح وہ ملک کی طرف سے بطور کپتان زیادہ سنچریاں بنانے والے مشترکہ طور پر تیسرے پلیئر بن گئے، بھارت کی طرف سے بحیثیت کپتان زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز سنیل گواسکر کو حاصل ہے جنہوں نے 11 سنچریاں بنا رکھی ہیں، محمداظہرالدین 9 سنچریاں بنا کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں کوہلی نے کیریئر کا 50واں ٹیسٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، انہوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈٹ کر انگلش بائولرز کا مقابلہ کیا اور شاندار سنچری بنا کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا، کوہلی نے بطور کپتان ساتویں اور کیریئر کی چودہویں سنچری مکمل کی، وہ بحیثیت کپتان سات سنچریاں بنا کر ٹنڈولکر کے ہم پلہ ہو گئے ہیں، انہوں نے بھی سات سنچریاں سکور بنا رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کوہلی 151 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔ کوہلی ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے والے مشترکہ طور پر نویں بھارتی بلے باز بن گئے ہیں، انہوں نے گنڈپا وسواناتھ کا ریکارڈ برابر کر دیا، بھارت کی طرف سے زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز ٹنڈولکر کو حاصل ہے جنہوں نے 51 سنچریاں بنا رکھی ہیں۔

متعلقہ عنوان :