کرپشن کے حمام میں ننگے سب کرپٹ عناصر بے نقاب ہو رہے ہیں ‘ لیاقت بلوچ

الزامات ، جھوٹ اور کمزور ترین جواز کرپٹ عناصر کا مزید گھیرا تنگ کر رہاہے ، عوام پوری توجہ سے کھیل دیکھ رہے ہیں

جمعرات 17 نومبر 2016 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ کرپشن کے حمام میں ننگے سب کرپٹ عناصر بے نقاب ہو رہے ہیں ، پانامہ لیکس ایسی کھڑکی ہے جس سے کرپشن کے تمام کھوج ملتے جارہے ہیں ، الزامات ، جھوٹ اور کمزور ترین جواز کرپٹ عناصر کا مزید گھیرا تنگ کر رہاہے ، عوام پوری توجہ سے کھیل دیکھ رہے ہیں ، ضرور بیدار ہوں گے ،عدالتی کمیشن ہی تحقیقات اور موثر احتساب کا روڈ میپ دے گا۔

بہاولپور میں ڈاکٹر سید وسیم اختر کی والدہ کے جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ عدالتی فیصلوںسے چند کرپٹ عناصر کے احتساب کے امکانات موجود ہیں لیکن کرپٹ مافیا نے سیاست ، انتخابات اور ریاستی نظام کا ستیاناس کر دیاہے ۔

(جاری ہے)

اس نظام کو بدلنے کے لیے عوام کے ووٹ کی طاقت ہی فیصلہ کن کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کرپشن فری پاکستان تحریک کے ذریعے عوام کو بیدار اور سماج کے اچھے ، دیانتدار ، اہل اور محب دین و وطن لوگوں کو متحد کر رہی ہے ۔

کرپٹ مافیا مٹھی بھر ہے ۔ نیکی اور اچھائی منتشر ہے ۔ اچھے لوگ جس روز متحد ہوگئے تو کرپٹ عناصر کو بلوں میں بھی پناہ نہیں ملے گی ۔ دنیا بھر میں پاکستان کی عزت و وقار اور خود داری کی بحالی کے لیے دیانتدار نظام اور اہل و دیانتدار قیادت ناگزیر ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہ جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف عوام کو بیدار اور ہوشیار رکھنے کی جدوجہد جاری رکھے گی ۔

متعلقہ عنوان :