حکمران پانامہ لیکس میں بری طرح پھنس چکے ہیں،لیاقت بلوچ

ملکی سلامتی اورقومی ترقی کیلئے پاکستان میں صوبوںکی تعدادمیںاضافہ ناگزیرہوچکاہے ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی سیاسی اختلاف کے باوجود جماعت اسلامی کا موقف ہے سی پیک منصوبہ کو متنازعہ نہ بنایا جائے ، پریس کانفرنس

جمعرات 17 نومبر 2016 20:00

وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) مرکزی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکمران پانامہ لیکس میں بری طرح پھنس چکے ہیںقوم حکمرانوںسے کھربوںروپے کی کرپشن کاحساب مانگ رہی ہے حکمران عرب شہزادوںکے خط دیکھاکرقوم کوبیوقوف بناناچاہتی ہے۔ملکی سلامتی اورقومی ترقی کیلئے پاکستان میں صوبوںکی تعدادمیںاضافہ ناگزیرہوچکاہے پانی کابحران توانائی منصوبوںاورزراعت کیلئے جان لیواثابت ہواہے ۔

وہ گذشتہ روزجماعت اسلامی کے ضلعی دفترمیںپریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے اس موقع پرمرکزی نائب امیرجماعت اسلامی سابق ایم این اے میاںمحمداسلم،جنرل سیکرٹری سیاسی کمیٹی پنجاب محمدرمضان لوہاڑی،ضلعی امیرحاجی محمدطفیل وڑائچ،سیدجاویدحسین شاہ،عبدالخالق شاکر،عبدالعزیزبھٹہ،رائوخلیل احمد،علی وقاص ہنجرا،انجینئرحاجی محمدرفیق،چودھری محمداقبال،شکیل رضا،طارق محمودودیگربھی موجودتھے لیاقت بلوچ کاکہناتھاکہ ملک میںہونے والے سیاسی جماعتوںکے احتجاج،دھرنے،سپریم کورٹ میں پٹیشن ،عدالتی و سیاسی محاذ پر جدوجہد عملاً الیکشن 2018 کے انتخابات کی طرف پیش قدمی ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت آئینی اور قانونی طور پر اپنی مدت پوری کرنے کا حق رکھتی ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے کردار اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے پاک فوج کا امیج بہتر کیا ہے اگر وہ کسی دھوکہ باز کے دھوکہ میں آگئے تو قوم کا اعتماد فوج سے اٹھ جانے کا شدید خطرہ ہے۔ پانامہ لیکس کے سلسلہ میں حکمران آئے روز اپنا مئوقف تبدیل کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی پریشانیوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کے ساتھ سابقہ حکمرانوں کی بھی تلاشی ہونی چاہئے۔ پاکستان کو لوٹنے ، منی لانڈرنگ کر کے پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کرنے والوں کا احتساب انتہائی ناگزیر ہوچکا ہے۔اعلیٰ عدلیہ نے جو فیصلہ کرنا ہے اس کی اہمیت اپنی جگہ لیکن سب سے بہترین فیصلہ عوام اپنے ووٹ کے ذریعے کر سکتی ہے اسلامی پاکستان ہی میں ملک و قوم کی بقا ہے۔

جماعت اسلامی اسلامی پاکستا ن میں تعمیر کے لئے میدان عمل میں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ضلع وہاڑی بڑے بڑے جاگیر داروں،رسہ گیروں اور ہر مرحلہ پر وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کا گڑھ بن چکا ہے۔ اب وہاڑی کی عوام کا فرض ہے کہ ایسے عناصر کا کڑا احتساب کرے اور باصلاحیت ،باکردار قیادت منتخب کرے جنوبی پنجاب ہمیشہ سے ملکی سیاست کا اہم ترین مرکز رہا ہے لیکن اس علاقہ کے وڈیرے سیاست دان حکمرانوں کی چاپلوسی کرکے اپنے مفادات حاصل کرلیتے ہیں جبکہ علاقہ کی عوام بنیادی حقوق سے محروم رہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں سے سیاسی اختلاف کے باوجود جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ سی پیک منصوبہ کو متنازعہ نہ بنایا جائے بلکہ ملکی ترقی کے لئے اس منصوبہ سے تمام صوبوں کو حصہ دیا جائے۔ اور حکمران جماعت بھی اس منصوبہ کی آڑ میں سیاست کا کھیل کھیلنے سے باز رہے۔ قومی سلامتی کے حوالہ سے خبر لیک ہونے پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صاف شفاف تحقیقات کے ذریعے ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے اور میڈیا بھی اپنی طرف سے اس معاملہ کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو اپنی صفوں سے نکال باہر کرے۔

انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی 26 اور 27 نومبر کو کراچی میں ہونے والے اپنے کنونشن میں اپنے لائیحہ عمل کا اعلان کرے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے خطاب کے موقع پر تمام سیاسی جماعتوں کو جانا چاہئے ۔ بائیکاٹ کرنے سے ہمارے دشمنوں کو اچھا پیغام نہیں جائے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کے ساتھ وہی کچھ کرے گا۔ جو اس پیش رو کرتے آئے ہیں کوئی نئی تبدیلی نہیں آئے گی ۔ عالم اسلام کی بہتری کے لئے پاکستان ایران ،سعودی عرب ، اور ترکی مل کر اسلامی ملکوں کے اتحاد کی کوشش کریں تو کشمیر فلسطین ،یمن سمیت دیگر اسلامی ممالک کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔