پاکستان اور برادر اسلامی ملک ترکی کے ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات مثالی ہیں‘صمصام بخاری

تحریک انصاف نے کرپٹ وزیراعظم کا سپریم کورٹ میں کیس ہونے کی وجہ سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہیں کی

جمعرات 17 نومبر 2016 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سید صمصام علی بخاری نے کہاہے کہ تحریک انصاف ترک صدر کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیتی ہے اور طیب اردگان کی دل سے قدر کرتے ہیں ، پاکستان اور ترکی کی دوستی لازوال ہے ، پاکستان اور برادر اسلامی ملک ترکی کے ساتھ بہت قریبی تعلق رکھتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف نے کرپٹ وزیراعظم کا سپریم کورٹ میں کیس ہونے کی وجہ سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ملک کی سب سے بڑی لعنت کرپشن ہے جب تک ملک سے اس کاخاتمہ نہیں ہوجاتا غریب عوام کی زندگیوں میں تبدیلی نہیں آسکتی۔ تحریک انصاف پانامہ لیکس کے ایشو کو مرنے نہیں دے گی اور ان کو انجام تک پہنچا کر دم لے گی اور وزیراعظم کا احتساب ہو کررہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس پر وزیراعظم اور ان کے بچوں کے بیانا ت نے سوالات کھڑے کردیئے ہیں اور یہ خودہی اپنے دیئے گئے بیانات سے پھنس چکے ہیں اور ان کابچنا ناممکن ہے ۔ وزیراعظم کو قطرکے شہزادے کا خط بھی نہیں بچاسکے گا۔سپریم کورٹ جلد کیس کا فیصلے سنائے گی اور کرپشن کرنے والوں کو عبرت کانشان بنائے گی۔انہوں نے مزید کہاکہ (ن) لیگ کے تنخواہ دار درباری جان لیں کہ وہ پی ٹی آئی کے خلاف گمراہ کن بیانات سے عوام کے ذہنوں کو تبدیل نہیں کرسکتے ۔ سید صمصام علی بخاری نے کہاکہ پاکستانی عوام باشعور ہیں اوروہ بخوبی جانتے ہیں کہ کس طرح ملک کو لوٹا گیا ہے اور کیسے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا گیاہے ۔