آرٹس کونسل آف پاکستان لاڑکانہ کے زیر اہتمام 24 نومبرسے سندھ کلچرل میلے کا اہتمام

جمعرات 17 نومبر 2016 22:07

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) آرٹس کونسل آف پاکستان لاڑکانہ کی جانب سے 24 سے 26 نومبر تک تین روز کے لئے سندھ کلچرل میلے کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں سندھ کی ثقافت ٹوپی، اجرک، سلائی کڑھائی پر تیار کردہ ملبوسات، مہن جو دڑو کے مورتیوں کے نمونے، کھانے پینے کے اسٹال سمیت بچوں کے لئے جھولوں کا بندوبست کیا جائے گا۔

میلے کا افتتاح کمشنر لاڑکانہ ڈویزن انعام اللہ داریجو کریں گے۔ اس ضمن میں آرٹس کونسل لاڑکانہ کے نائب صدر عبد الستار کھاوڑ اور شعبہ کلچر کے چیئرمین افسر علی قریشی نے کہا ہے کہ میلا لگانے کا مقصد سندھ کے کلچر کو فروغ دینا ہے کیونکہ سندھ قدیم تہذیب کی شناخت ہے اور ہم مہن جو دڑو کے لوگ ہیں، لاڑکانہ کے عوام کو تفریح فراہم کرنے کے لئے تین روزہ میلے میں انٹری مفت ہوگی جبکہ میلے میں مختلف تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ کلچرل میلے کا افتتاح 24 نومبر شام کے وقت کمشنر لاڑکانہ ڈویزن انعام اللہ داریجو کریں گے اسی روز میوزیکل پروگرام اور ٹیبلوز پیش کئے جائیں گے۔ دوسرے روز سگھڑ کچہری اور ٹیبلوز جبکہ تیسرے روز پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو پانچ ہزار، دوسرے کو چار ہزار اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو تین ہزار روپے، شیلڈز اور سرٹیفکٹس دیئے جائیں گے۔ اختتامی تقریب میں صوفی فقیر امان اللہ شیخ اور دیگر اپنے فن کا مظاہرہ بھی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :