کوارٹر کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت

لاہور ہائیکورٹ نے وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے سینئر افسر کو 15 دسمبر تک طلب کر لیا

جمعرات 17 نومبر 2016 22:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے حج پر جانیوالے ایف بی آر کے ملازم کی وفاقی کالونی میں کوارٹر کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کیخلاف درخواست پر وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے سینئر افسر کو 15 دسمبر تک طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے ایف بی آر کے لوئر ڈویڑن کلرک طارق خورشید کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تین برس قبل درخواست گزار حج کیلئے سعودی عرب گئے تو پیچھے سے وزارت ہائوسنگ کے افسروں نے رشوت لیکر نیشنل سیونگ سنٹر کے افسر جاوید احمد کو کوارٹر الاٹ کردیا اور درخواست گزار کے خاندان کو بے گھر کر دیا، درخواست گزار ایک غریب سرکاری ملازم ہے اور کرائے کے گھروں پر تین برسوں سے دھکے کھا رہا ہے، عدالت نے دو ہزار تیرہ میں فیصلہ دیا، دو مرتبہ توہین عدالت کی درخواستیں دائر کی گئیں لیکن وزارت ہائوسنگ کے افسروں نے انصاف نہیں دیا، تین برسوں سے عدالتوں میں بھی دھکے کھا رہے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو رہی، جس پر عدالت نے وزارت ہائوسنگ کے رویئے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عدالتی احکامات کو نظرانداز نہیں ہونے دیئے جائیگا، عدالت نے وزارت ہائوسنگ کے سینئر افسر کو پندرہ دسمبر کو طلب کرلیا، عدالت نے کوارٹر کی الاٹمنٹ لینے والے نیشنل سیونگ سنٹر کے افسر جاوید احمد کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

(بخت گیر)

متعلقہ عنوان :