پانامہ پیپرز اور ملک بھر میں کرپشن کینسر کے علاج اور حل کے لیے سپریم کور ٹ کو روڈ میپ دیناچاہیے

جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی ملتان میں گفتگو

جمعرات 17 نومبر 2016 22:16

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2016ء) جماعت اسلامی پاکستا ن کے سیکرٹری جنرل اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پانامہ پیپرز اور ملک بھر میں کرپشن کینسر کے علاج اور حل کے لیے سپریم کور ٹ کو روڈ میپ دیناچاہیے ،اعلیٰ عدالتی کمیشن ہی تحقیقات اورموثر احتساب کا طریقہ کارتجویز کرکے پارلیمنٹ کو قانون سازی کاپابند کرے تو عوام میں عدلیہ کی ساکھ میں اضافہ ہوگا ، کرپٹ عناصر نے انتظامیہ ،افواج پاکستان ، سیاسی جماعتوں اور سماجی اداروں میں پناہ لے رکھی ہے۔

کرپٹ نظام کرپٹ مافیا کی سرپرستی کررہا ہے۔ عدالتی محاذ کے ساتھ فیصلہ کن کردار عوامی محاذ کو ادا کرنا ہے۔ووٹ کی طاقت سے رائے عامہ کرپٹ و ناکارہ افراد کو مسترد کردیں اور اہل امانت و دیانت دار قیادت کا انتخاب کریں۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو ضلعی نائب امیر ڈاکٹر اورنگزیب شہزاد کے بھائی منیر حمد خان کے انتقال پر تعزیت کے گفتگو کر رہے تھے۔انہوںنے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک نے عوام کو بیدار کیا ہے ۔

جماعت اسلامی ،عدالتی،عوامی سماجی اور یوتھ کے محاذ پر کرپشن کے خلاف منظم جدوجہد کررہی ہے۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں انشاء اللہ ملک کو نظریاتی ،معاشی اور انتخابی کرپشن سے نجات دلاکر پاکستان کو محفوظ باعزت باوقار اور خود انحصاری کے مقام پر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کمیشن کے علاوہ کوئی اور حل اس لئے منظور نہیں کہ کمیشن کا مطالبہ تمام اپوزیشن جماعتوں کا تھا اب اگر کچھ لوگ دائیں بائیں کا سوچ رہے ہیں تو ان کو اپنے سابقہ موقف کی طرف آنا چاہئے ۔ احتساب ان سب کا ہوجو حکومت میں ہیں اور اُن کا بھی جو اپوزیشن کی صفوں میں ہیں ہمیں صاف وشفاف پاکستان چاہئے۔