جہازنہ چھوٹ جائے،آسڑیا میںسنگدل ماں نے نومولود بچہ ٹوائلٹ میں چھوڑ دیا،ہسپتال میں دم توڑ گیا

جمعرات 17 نومبر 2016 22:16

ویانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2016ء) آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میںجہاز چھوٹ جانے کے خوف سے سنگدل ماں نومولود بچے کو ٹوائلٹ میں چھوڑ کرچلی گئی جس کی وجہ سے بچہ ہلاک ہوگیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ایک نومولود بچہ اس وجہ سے ہلاک ہوگیا کیونکہ اس کی ماں پرواز کو ہر صورت پکڑنے کے لیے اسے ائیرپورٹ کے ٹوائلٹ میں چھوڑ کر چلی گئی۔

یہ بچہ 10 نومبر کو رات دو بجے کے قریب آسٹریا کے بین الاقوامی ائیرپورٹ سے صفائی کے عملے نے ائیرپورٹ سے زندہ دریافت کیا تھا جس کے بعد ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر طلب کیا گیا مگر یہ ننھا فرشتہ ہسپتال میں چل بسا۔بچے کی ماں کو بھی ائیرپورٹ ٹرمینل کے قریب 'حالتِ غیر' میں پایا گیا جبکہ اس کو بھی بچے کے ساتھ ہی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں بعد ازاں اس کی حالت بہتر بتائی گئی۔

(جاری ہے)

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ ماں نے بچے کو وہیں ٹوائلٹ میں جنم دیا اور پھر اس لیے چھوڑ دیا کیونکہ وہ بیلاروس سے واشنگٹن ڈی سی تک کے سفر کے لیے کنکٹنگ پرواز کو چھوڑنا نہیں چاہتی تھی۔تاہم خاتون سے زیادہ چلا نہیں گیا اور وہ کچھ دور جاکر نیچے گر کے شاید بے ہوش ہوگئی تاہم ابھی تک واضح طور پر کچھ کہا نہیں جاسکتا۔اس نائیجرین خاتون کو ویانا کی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور بچے کی موت کی وجہ جاننے کے لیے پوسٹمارٹم کیا جارہا ہے۔

ویانا ائیرپورٹ کے ترجمان کے مطابق ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ گزشتہ دنوں ایک نومولود بچہ ائیرپورٹ کے عملے نے ٹوائلٹ میں دیکھا تھا جو زندہ تھا، جس کے بعد ایمبولینس کو طلب کیا گیا جبکہ اس کی ماں کو قریب ہی گرا ہوا پایا گیا۔رات کو پروازوں کی تعداد کم ہوتی ہے اس لیے بچے اور ماں کو جلد دریافت نہیں کیا جاسکا۔اب یہ خاتون پولیس کی حراست میں ہے اور ٹرائل کا آغاز جلد ہوگا۔