حب، گڈانی یونٹ کے عہدیداروں کا ایک اہم اجلاس

محنت کشوں نیپختون ویلفیئر کمیٹی کے مرکزی صدر کو مسائل سے اگاہ کیا

جمعرات 17 نومبر 2016 22:37

حب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2016ء) پختون ویلفیئر کمیٹی کے مرکزی صدرزاہد اللہ خان کے زیرصدارت گڈانی یونٹ کے عہدیداروں کا ایک اہم اجلاس شپ بریکنگ گڈانی میں ہوا۔ اجلاس میں شپ بریکنگ یارڈ کے محنت کشوں نے اپنے مسائل سے پختون ویلفیئر کمیٹی کے مرکزی صدر کو آگاہ کیا۔ ان محنت کشوں کا کہنا تھا کہ گڈانی شپ بریکنگ کے محنت کشوں کو شپ مالکان زبردستی فارغ کررہے ہیں جس کی وجہ سے یہاں برسوں سے کام کرنے والے محنت کش سخت پریشان ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک محنت کشوں کو جوتنخواہیں دی جارہی ہیں اس سے زیادہ تو محنت کشوں سے خرج ہوچکا ہے۔ ایک اور زیادتی تو یہ ہورہی ہے کہ شپ مالکان گڈانی کے محنت کشوں کو اپنے پلاٹوں سے جبری بیدخل کررہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ سانحہ گڈانی کے ذمہ دار شپ مالکان ہیں مگر بے روزگار یہاں کے غریب محنت کش ہورہے ہیں جو ظلم کی انتہاء ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے بچے فاقہ کشی پرمجبور ہیں۔

شپ مالکان کا یہ رویہ محنت کشوں کے ساتھ انتہائی غلط ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پختون ویلفیئر کمیٹی کے مرکزی صدرزاہد اللہ خان نے کہا کہ ہماری ویلفیئر کمیٹی پہلے بھی گڈانی کے محنت کشوں کے ساتھ تھی اور اب بھی ان کے جائز اورقانونی حقوق کے لئے کوشاں ہے۔ سانحہ گڈانی نہایت ہی افسوسناک اوردردناک واقعہ تھا جس میں بہت سی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں، کئی زخمی ہوگئے اور کئی لاپتہ ہیں۔

ہم حکام بالا سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ گڈانی میں حفاظتی اقدامات کو جلد سے جلد مکمل کرکے شپ بریکنگ میں کام جلد سے جلد شروع کروائیں اس وقت ہزاروں محنت کش بے روزگاری کا شکار ہیں اور بہت سے مسائل کا شکارہیں۔ انہوں نے اجلاس کے توسط سے شپ بریکرز سے کہا کہ محنت کشوں کو فارغ کرنے سے گریز کیاجائے اور ان کے جملہ حقوق انہیں دیئے جائیں ان کی تنخواہیں فوری طورپر ادا کی جائیں تاکہ وہ اپنے مسائل پرقابو پاسکیں۔