بیرونی سازشوں کے توڑ کیلئے مسلمان ملکوں کا باہمی اتحاد بہت ضروری ہے‘حافظ محمد سعید

فتنہ تکفیر اور خارجیت کے خاتمہ کیلئے پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کو مل کرپالیسیاں ترتیب دینی چاہئیں‘امیر جماعة الدعوة

جمعرات 17 نومبر 2016 22:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی طر ف سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیریوں کے حق میں بھرپور آواز بلند کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا ہے کہ اس سے مظلوم کشمیری قوم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، ترکی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے قومی موقف کی تائید کی ہے، بیرونی سازشوں کے توڑ کیلئے مسلمان ملکوں کا باہمی اتحاد بہت ضروری ہے، فتنہ تکفیر اور خارجیت کے خاتمہ کیلئے پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کو مل کرپالیسیاں ترتیب دینی چاہئیں،وکلاء نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں بے پناہ قربانیاں دیں، کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خاتمہ کیلئے بھی وکلاء بھرپور کردار ادا کریں ۔

ان خیالات کا اظہا رانہوںنے لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر فرحان شہزادکی زیر صدارت مرکز القادسیہ آنے والے وفد کے شرکاء اور جماعةالدعوة کے مقامی ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پراحسن ورک سیکرٹری ٹیکس بار شیخوپورہ، نعمان یحییٰ سابق نائب صدر ٹیکس بار، عبدالحفیظ رانا صدر الدعوة لائرز فورم،کامران نصیر عباسی، سید عبدالرحمن نقوی، بیرسٹرچوہدری عمر،مہر عبدالشکور، میاں عبدالحفیظ، رانا سفیان، چوہدری ابراہیم، میاں عبدالماجد ودیگرعہدیداران بھی موجود تھے۔

جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہاکہ برادر اسلامی ملک کے صدر کے دورہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط و مستحکم ہو ں گے۔ترکی پاکستان کا بہترین دوست ہے جس نے زلزلہ، سیلاب ودیگر قدر تی آفات سمیت ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کو اس وقت ایک جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔ بیرونی قوتیں منظم منصوبہ بندی کے تحت تخریب کاری ودہشت گردی کے ذریعہ مسلم ملکوں کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔

ان حالات میں ترک صدر کے دورہ پاکستان کے دوران مشترکہ معاشی و دفاعی پالیسیاں ترتیب دینے میں مدد ملے گی۔انہوںنے کہاکہ ترک صدر کی جانب سے مسلمانوں کے باہمی اختلافات ختم کرنے کی باتیں کوششیں خوش آئندہیں۔ پاکستان، ترکی ، سعودی عرب اور دیگر مسلم ملکوں کو مل کر بیرونی قوتوں کی اسلام و مسلمانوں کیخلاف مذموم سازشیں ناکام بنانے کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ حرمین کا دفاع مسلم امہ پر فرض ہو چکا۔بیت اللہ کے دفاع کے مسئلہ پر کسی اختلاف کی کوئی گنجائش نہیں۔ پاکستان کا بچہ بچہ تحفظ حرمین شریفین کیلئے جانیں قربان کرنے کو تیار ہے۔ مسلم ممالک سیاسی و علاقائی مفادات سے بالاتر ہو کر دشمن کی سازشیں ناکام بنائیں۔انہوںنے کہاکہ انڈیا کشمیریوں کی آواز کو دبانے اور جذبہ حریت کو کچلنے کے لیے ہر حربہ استعمال کر رہا ہے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیموںنے مودی سرکار کو نہتے کشمیریوں پر ظلم وبربریت کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

ملک میں جاری سیاسی انتشار کے باعث مسئلہ کشمیر پس پشت جارہا ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کیا جائے اور کشمیریوں کی آواز بن کرہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کیخلاف بھرپور آواز بلند کی جائے۔