پاک ترک سکولوں کے اساتذہ کے معاملہ کو انسانی بنیادوں پر دیکھا جائے، خرم نواز گنڈا پور

شریف حکومت غلامانہ ذہنیت سے باہر نکلے،متاثرہ خاندانوں نے کونسا ملکی قانون توڑا ہے،سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک

جمعرات 17 نومبر 2016 22:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاک ترک سکولوں کے اساتذہ کے معاملہ کو انسانی بنیادوں پر دیکھا جائے۔20سال سے رہائش پذیر اساتذہ اور ان کے اہل خانہ نے کون سے ملکی قوانین کو پامال کیا کہ انہیں راتوں رات ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ کیا اسے آزاد اور خود مختار ملک کہتے ہیں کہ کہیں سے کوئی اشارہ بھی آ جائے تو غلاموں والا سلوک شروع کر دیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اطلاعات یہی ہیں کہ جو ترک شہری بھی یہاں سے جاتا ہے اسے ائر پورٹ سے سیدھا جیل بھیج دیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاک ترک سکولوں کے اسا تذہ کے معاملہ پر غلامانہ ذہنیت والی حکومت بے حسی ترک نہیں کرے گی،اس معاملہ پر چیف جسٹس آف سپریم کورٹ انسانی بنیادوں پر سوموٹو نوٹس لیں اور پاک ترک سکولوں کے اساتذہ اور انکے اہل خانہ کیلئے کوئی درمیانی راستہ نکالیں۔ جن اساتذہ اور انکے اہل خانہ کو اذیت ناک صورت حال سے دو چار کیا جا رہا ہے ان کا جرم کس عدالت سے ثابت شدہ ہے ً۔