سپیشل سکیورٹی یونٹ پاکستان میں پولیس کے دیگر محکموں کے لیے رول ماڈل ہے

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس اورکمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری کا ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

جمعرات 17 نومبر 2016 23:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) ڈاکٹر مجیب الرحمن خان ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس اورکمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری نے سپیشل سیکیورٹی یونٹ کے پیشہ وارانہ مہارت ، انتظامی نظام ، تربیت اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے جمعرات کو اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے ہیڈ کوارٹر کے مختلف شعبوں کے دورے کے دوران کہی۔

محمد مظفر اقبال سیکیورٹی افسر نے پیشہ وارانہ تربیت اور انسداد دہشت گردی آپریشنز کی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس اورکمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری نے کہا کہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کا معیار ایک رول ماڈل ہے اور ملک کے دیگر پولیس یونٹوں کو بھی اس طرز پر بنایا جائے۔

(جاری ہے)

محمد مظفر اقبال نے بتایا کہ بین الاقوامی ادارے UKAS برطانیہ نے ایس ایس یو کی انسداد دہشت گردی کی کاروائیوں ، اہم شخصیات اور اہم تنصیبات کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کو بین الاقوامی معیار کاتسلیم کرتے ہوئے اسے ISO سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے۔

محمد مظفر اقبال نے مزید بتایا کہ ملک کی پہلی S.W.A.T ٹیم ایس ایس یو میں قائم کی گئی ہے جو اعلیٰ معیار کے تربیت یافتہ اور جدید ہتھیاروں سے لیس کمانڈوز بشمول خواتین کمانڈوزپر مشتمل ہے اور کمانڈوز دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو مؤثر انداز میں ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس نے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے کمانڈوز کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں انہوں نے دہشت گردوں کی جانب سے پید ا کی گئی کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لیے S.W.A.T ٹیم کے کمانڈوز کی جانب سے فرضی مشقوں کا مظاہر ہ بھی دیکھا۔

متعلقہ عنوان :