آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا سلیمانکی سیکٹر کا دورہ ، پاک فوج اور رینجرز کے جوانوں کے ساتھ دن گزارا

ہفتہ 19 نومبر 2016 23:11

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا سلیمانکی سیکٹر کا دورہ ، پاک فوج اور رینجرز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے ہفتہ کو سلیمانکی سیکٹر کا دورہ کیا اور پاک فوج اور رینجرز کے جوانوں کے ساتھ دن گزارا۔ جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ افواج پاکستان نے اپنی قابل فخر روایات کو برقرار رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ ہر چیلنج سے نبرد آزما ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غیرمعمولی کامیابیوں کے ساتھ پاک فوج دنیا کی مضبوط ترین جنگجو فوج بن چکی ہے اور پاک فوج ہر قسم کی روایتی جنگ کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے خاص طور پر جوانوں کے بلند حوصلوں اور لائن آف کنٹرول اور عالمی سرحد کی کڑی نگرانی کو سراہا۔ بری فوج کے سربراہ نے میجر شبیر شریف شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

انہوں نے ملکی دفاع میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے اور دلیرانہ وار مقابلہ کرنے والے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ قبل ازیں سلیمانکی سیکٹر پہنچنے پر کور کمانڈر لاہور صادق علی، کمانڈر بہاولپور کور، لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب رینجرز میجر جنرل عمر فاروق برکی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔