نویں عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز22 نومبر سے ایکسپو سینٹر کراچی میں شروع ہوگی

اتوار 20 نومبر 2016 23:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء) نویں عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 22 نومبر سے ایکسپو سینٹر کراچی میں شروع ہوگی۔ نمائش میں 90 دفاعی وفود دنیا بھر کے 43 ملکوں کی نمائندگی کریں گے۔ نمائش میں30 مندوبین اعلیٰ سطح کے ہیں، جن کی سربراہی ان ملکوں کے وزیر دفاع، ڈیفنس سیکریٹریز، چیف ڈیفنس اسٹاف یا حاضر چیفس خود کریں گے۔ دنیا کے 34 ممالک سے 418 کمپنیاں نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کریں گی ۔

جن میں سے 261 غیر ملکی اور 157 پاکستانی کمپنیاں شامل ہیں۔ڈی ای پی او کی کامیاب مارکیٹنگ کی وجہ سے اس سال 9 نئے ممالک آئیڈیاز میں شرکت کررہے ہیں جن میں لکسمبرگ، ڈنمارک، بیلاروس، پولینڈ، چیک ریپبلک، سوئٹزر لینڈ، بیلجیئم، نائیجیریا اور رومانیہ شامل ہیں۔کراچی ایکسپو سینٹر میں ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (DEPO) کے ڈائریکٹر میڈیا کموڈور طاہر جاوید نے بریگیڈیئر وحید، ڈائریکٹر کورڈی نیشن،ظہیر نصیر، چیف آپریٹنگ آفیسر بدر ایکسپو سلوشنز کے ہمراہ اتوار کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے نمائش میں شامل ہونے والی کمپنیوں اور وفود کی بھرپور شرکت سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور یہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016ء کی کامیابی کی ضمانت ہے۔

(جاری ہے)

نمائش کا آغاز 22 نومبر کو ہوگا، جس میں باضابطہ مدعو کئے گئے بیرون ممالک کے سینئر حکام پر مشتمل مندوبین، نمائش میں حصہ لینے والی کمپنیاں، ملکی اور غیر ملکی تجارتی وفود شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز 2016 کا انعقاد ہم سب کے لیے باعث فخر ہے اور یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان دفاعی معیاری پیداوار میں کسی سے پیچھے نہیں ہے۔کموڈور نے مزید بتایا کہ جن ملکوں کے دفاعی مندوبین کو نمائش میں شرکت کے لیے دعوت دی گئی تھی وہاں سے بڑا مثبت جواب ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپو سینٹر کی زیادہ تر جگہ مختلف ملکوں کی دفاعی مصنوعات بنانے والی کمپنیوں نے حاصل کرلی ہے۔ ان ملکوں میں ترکی، چین، روس، شمالی امریکا، جنوبی امریکا، یورپ، ایشیا، مشرق بعید وغیرہ شامل ہیں۔ اس بار 8 ہالز، مارکی کی صورت میںفراہم کئے گئے ہیں تاکہ زیادہ تعداد میں کمپنیاں اپنے مصنوعات کو اجاگر کرسکیں۔ڈائریکٹر (میڈیا)، ڈی ای پی او، نے مزید کہا کہ آئیڈیاز نمائش 2016ء میں مقامی طور پر بنائی گئیں مصنوعات جن میں اہم جنگی ٹینک الخالد، جے ایف ۔

17 تھنڈر فائٹر ایئر کرافٹ، سپر مشاق، K-8 ایئر کرافٹ، تیزرفتار میزائل بوٹس، یو اے ویز اور بکتر بند گاڑیاں ، ملٹری آلات اور ٹیکنالوجی شامل ہیں پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز 2016ء کے دوران دفاعی صنعتی پیداوار میں تعاون بڑھانے کے لیے غیر ملکی وفود، اہم سرکاری حکام، نمائش میں شرکت کرنے والے نمائندگان کے درمیان کئی اہم اعلیٰ سطح اجلاس بھی ہوں گے۔

آئیڈیاز کا ایک اور اہم حصہ انٹرنیشنل ڈیفنس سیمینار بھی ہے جو 22 نومبر کی شام مقامی ہوٹل میں ہوگا۔ اس کے علاوہ نمائش کے ساتھ ساتھ مختلف کانفرنسیں بھی 23-24 نومبر کو ایکسپو سینٹر میں منعقد کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی میڈیا کے ذریعے نمائش کی کوریج کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ موجودہ دور میں میڈیا کا کردار کسی طور پر بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔چار روزہ نمائش 25نومبر کو اختتام پزیر ہوگی۔

متعلقہ عنوان :