صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کاسوئی میں منعقدہ جلسہ میں ہزاروں کی تعداد میں شرکت کرنے پر ڈیرہ بگٹی کے عوام سے اظہار تشکر

اتوار 20 نومبر 2016 23:30

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء) صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے گذشتہ روزسوئی میں منعقدہ تاریخی جلسہ میں ہزاروں کی تعداد میں شرکت کرنے پر ڈیرہ بگٹی کے عوام سے اظہار تشکر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ کامیاب جلسہ کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ ڈیرہ بگٹی کے عوام نے دہشت اور وحشت پھیلانے والوں کو مسترد کرتے ہوئے خوف کے بت کو پاش پاش کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے جس والہانہ انداز میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا استقبال کیا اور جوش و خروش سے جلسہ میں شرکت کی، وہ علاقے کی مہمان نواز روایات کا روشن ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی پر امن خطہ ہے جو امن کی طرف بڑھ رہا ہے، جو لوگ امن و ترقی میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں، ان کے مزموم مقاصد کو ناکام بنائیں گے اور جب تک علاقے میں تعلیم اور ترقی عام نہیں ہوگی ہماری جدوجہد جاری رہے گی، صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نے تمام قبائل کی مدد سے گذشتہ تین سال کی مدت میں علاقے کے لوگوں کو ذہنی غلامی سے نجات دلائی ، انہوں نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی کے باشعور ، غیور اور محب وطن عوام ترقی چاہتے ہیں لہذا ان تک بھی ترقیاتی عمل کے ثمرات پہنچنے چاہیں کیونکہ یہ ان کا بنیادی حق ہے، اور انہیں یقین ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری ڈیرہ بگٹی کے عوام کے ساتھ ماضی میں ہونے والی زیادتیوں کا بھرپور ازالہ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ جنگ کی وجہ سے ڈیرہ بگٹی کا بنیاد ڈھانچہ تباہ ہوا، گیس کمپنیوں نے گذشتہ پچاس سال میں بلوچستان کے عوام اور بگٹی قوم کا استحصال کیا ، صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم جنگ سے تھک گئے ہیں ہمیں امن و ترقی ، تعلیم ، صحت اور روزگار چاہیے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ بگٹی قوم کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیں نواب ثناء اللہ خان زہری کی صورت میں رہنما ملا ہے جنہوں نے پی پی ایل کے ساتھ طے پائے جانے والے نئے معاہدے میں واضح طور پر کہا کہ وہ بگٹیوں کے مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، صوبائی وزیر نے کہا کہ نواب ثناء اللہ خان زہری شہیدوں کے وارث ہیں اور شہدا کی قربانیوں کی بدولت صوبے میں امن کا سورج طلوع ہوا ہے، نواب ثناء اللہ خان زہری قبائل کے ہی نہیں بلکہ ہم سب کے بڑے ہیں اور ہم ہر مشکل گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

متعلقہ عنوان :