پاکستان پیپلز پارٹی کا 4 دسمبر کو مخدوم امین فہیم کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سندھ کا ثقافتی دن منانے کا فیصلہ

پیر 21 نومبر 2016 22:46

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے اجلاس میں پارٹی کے مرکزی رہنماء مخدوم امین فہیم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرنے سمیت 4دسمبر کو سندھ کا ثقافتی دن منانے کا فیصلہ کیا ہے،پیپلز پارٹی سندھ نے کہا ہے کہ سندھ دھرتی اور سندھ کی ثقافت پر تنقید کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی ۔پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں پیپلز پارٹی سندھ کے عہدیداروں و کوآرڈینیشن کمیٹی کے اراکین کا اجلاس پیر کو انکے دفتر میں ہوا ۔

اجلاس میں پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری وقار مہدی ،سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامراہ اور کوآرڈینیشن کمیٹی کے اراکین نفیسہ شاہ ،راشد ربانی،مولا بخش چانڈیو اورنجمی عالم نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پارٹی کے مرکزی رہنمامخدوم امین فہیم کی پہلی برسی کے موقع پر انھیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ مخدو م امین فہیم آمریت کے دور میں بھی پارٹی کے ساتھ وفادار رہے اور جمہوریت کی بحالی کے لئے ان کی جدوجہد اور خدمات قابل فخر ہے اور ان کی خدمات اور جدوجہدکو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 4دسمبر کو سندھ کی ثقافت کا دن بھرپور طریقے سے منایا جائے گا اور پارٹی رہنمائوں وکارکنان کو یہ ہدایات کی گئی کہ وہ ثقافتی دن پر تقریبات میںشرکت کریں ۔اجلاس میں 30نومبر کو لاہور میں پارٹی کے یوم تاسیس کے انتظامات کے حوالے سے صوبائی جنرل سیکریٹری وقار مہدی کی سربراہی میں آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی جو کہ یوم تاسیس کے متعلق انتظامات کرے گی۔اجلاس میں پارٹی کے نئے صوبائی عہدیدارمقرر کرنے اور اعتماد کرنے پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا گیا۔