جنرل راحیل شریف بے مثال کامیابیاں اور روشن مثال چھوڑکر جا رہے ہیں بعد والوں کو اسے قائم رکھنا ہو گا، نئے آرمی چیف کے کندھوں پر بڑی ذمہ داریاں ہوں گی ، دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی کے ساتھ لڑی گئی اور کراچی میں بھی امن قائم ہوا ہے ، ڈیڑھ سال میں 10ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کریں گے ،بجلی کی موجودہ کمی پانچ ہزار میگاواٹ ہے ، اگلے سال بجلی کی طلب اگر ہزار میگاواٹ تک بڑھ بھی گئی تو بھی اضافی بجلی موجود ہوگی

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 21 نومبر 2016 23:31

جنرل راحیل شریف بے مثال کامیابیاں اور روشن مثال چھوڑکر جا رہے ہیں بعد ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2016ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف بے مثال کامیابیاں اور روشن مثال چھوڑکر جا رہے ہیں بعد والوں کو اسے قائم رکھنا ہو گا، نئے آرمی چیف کے کندھوں پر بڑی ذمہ داریاں ہوں گی ، دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی کے ساتھ لڑی گئی اور کراچی میں بھی امن قائم ہوا ہے ۔

وہ پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کامیابی کے ساتھ لڑی گئی اور کراچی میں بھی امن قائم ہوا ہے ، دہشت گردی کے خلاف پاکستان جیسی کامیابیاں کسی اور ملک نے حاصل نہیں کیں ، مسلح افواج نے بحثیت ادارہ جو نیک نامی حاصل کی اس کی مثال پہلے نظر نہیں آتی، نئے آرمی چیف کے کندھوں پر بڑی ذمہ داریاں ہوں گی ۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم کی آرمی چیف اور رفقاء کے ساتھ مشاورت ہوگی ، جنرل راحیل 29نومبر کو ریٹائرڈ ہو رہے ہیں اور نئے آرمی چیف کا رواں ہفتے فیصلہ ہو جائے گا ۔ فیصلہ آخری مراحل میں ہے ،نئے آرمی چیف کی تقرری میں جنرل راحیل کی رائے اہم ہوگی ۔ وزیردفاع نے کہا کہ بھارت پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی ناکام کوشش کر تا رہتا ہے ، نئے آرمی چیف کو ان معاملات کو بھی خاص طور پر دیکھنا ہو گا۔

لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے متعلق سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں 10ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کریں گے ،بجلی کی موجودہ کمی پانچ ہزار میگاواٹ ہے ، اگلے سال بجلی کی طلب اگر ہزار میگاواٹ تک بڑھ بھی گئی تو بھی اضافی بجلی موجود ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ تمام پاور پلانٹس لوڈز سینٹرز کے قریب ہیں اس لئے ٹرانسمیشن کا مسئلہ نہیں ہوگا ،کراچی میں پورٹ قاسم پلانٹ کچھ تاخیر کا شکار ہے اس کی ٹیسٹنگ کا بندوبست کر لیا ہے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ تمام ٹرانسمیشن لائنوں کو وقت پر مکمل کیا جائے گا اور ترسیلی نظام میں بھی مسئلہ نہیں ہوگا،نیپرا کی رپورٹ نومبر2015میں بنی تھی اور اس میں دیا گیا ڈیٹا بھی پرانا ہے ۔