قطری شہزادے کی دستاویز سے نواز شریف کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ شیخ رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 23 نومبر 2016 14:08

قطری شہزادے کی دستاویز سے نواز شریف کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ شیخ رشید

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 نومبر 2016ء) : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کسی کے آنے یا کسی کے جانے سے اداروں کے فیصلوں پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ ایاز صادق صاحب کا کہنا ہے کہ میرا ڈبل اسٹینڈرڈ ہے ، میں ایاز صادق کو کہوں گا کہ وہ جا کر نواز شریف سے پوچھیں کہ میرا اسٹینڈرڈ کیا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں جتنا نقصان اسپیکر صاحب نے اس ملک کو پہنچایا کسی اور نے نہیں پہنچایا ۔

لاہور میں جہانگیر ترین کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس میں قطری شہزادے کی آمد نے دنیا بھر میں ملک کی عزت خراب کی۔پانامہ لیکس سے متعلق کیس میں عوامی عدالت میں نواز شریف مقدمہ ہار چکے ہیں۔

(جاری ہے)

قطری شہزادے کی دستاویز پر نواز شریف کی بھی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں میں اسمبلی کا وہ رکن ہوں جسے جہازسے 2 بار اتارا گیا،زیادتی کرنے پر امریکی دفتر خارجہ کو مجھ سے معافی مانگنی چاہئیے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نےڈ اکٹر عاصم کے معاملے پرنوازشریف سے ڈیل کر رکھی ہے۔ اپوزیشن سے متعلق انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان اپوزیشن نہیں کریں گےتوکیا فضل الرحمان کریں گے؟اپوزیشن عمران خان اورمیری وجہ سے زندہ ہے۔ پانامہ لیکس میں پی ٹی آئی کے سابق وکیل حامد خان سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حامد خان کا کیس سے علیحدہ ہونا تحریک انصاف کا اندرونی معاملہ ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان میرے دوست ہیں ان کودفاع کرنے لیے تیارہوں۔پی ٹی آئی کا دفاع ان کے اپنے کوآرڈینیٹرزکریں گے۔ آرمی چیف سے متعلق انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے را کے ایجنٹ کو پکڑا۔ آرمی چیف کا خاندان شہیدوں کا خاندان ہے۔ آرمی چیف نے ملک کے لیے بہت سے خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پرحملے اس لیے جاری ہیں کہ پاکستان کے اندر بھارتی ایجنٹ موجود ہیں۔ انہوں نے نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ نواز شریف صاحب کو اپنی حالت کا نہیں پتا گورنرسندھ کی حالت کا کیا پتا ہو گا۔