کمشنر سکھر کی تمام بھینسوں کے باڑے 15دسمبر تک کیٹل کالونی منتقل کرنے کی ہدایت

بدھ 23 نومبر 2016 23:16

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء)کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے ہدایت کی ہے کہ سکھر شہر سے 15دسمبر تک بھینسوں کے تمام باڑے کیٹل کالونی منتقل کئے جائیں اور باڑے کیٹل کالونی منتقل نہ کرنے والوں کی الاٹمنٹ منسوخ کی جائے کیونکہ باڑوں سے شہر میں گندگی اور کچرے میں اضافہ ہو رہا ہے اور ڈرینج کا نظام بھی متاثر ہو رہا ہے، اسی طرح عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ ہدایات انہوں نے ڈی سی آفس سکھر میں منعقد ایک اجلاس سے خطاب کے دوران دیں۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے کہا کہ رپورٹ ملی ہے کہ ایسے لوگوں کو کیٹل کالونی میں باڑے الاٹ کئے گئے ہیں جن کے شہر میں باڑے ہیں ہی نہیں ان لوگوں کے خلاف کاروائی عمل میں لا کر ان کے باڑے منسوخ کئے جائیں ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر وحید اصغر بھٹی نے تفصیلات سے آگاہ کر تے بتایا کہ سکھر شہر میں بھینسیں رکھنے والوں پر فی بھینس پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کیٹل کالونی میں 184پلاٹوں میں سے 34میں باڑے منتقل کئے جائیں گے جن امیدواروں نے صرف ایک قسط جمع کرائی ہے ان کی الاٹمنٹ بھی منسوخ کر دی گئی ہیں ۔ کمشنر سکھر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ تعلقوں میں قانون پر عمل کراتے ہوئے شہر میں سے بھیسوں کے باڑے کیٹل کالونی منتقل کرنے کے عمل کو یقینی بنائیں۔