حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے تو 27دسمبر کے بعد احتجاجی تحریک شروع کریں گے،بلاول بھٹو

نئے عہدیداروں کوپنے اپنے علاقوں میں جا کر تنظیم کو منظم اور متحرک کرنے کی ہدایت

بدھ 23 نومبر 2016 23:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے پانامہ لیکس پر حزب اختلاف کے پیش کردہ بل کے تحت پیشرفت نہ کی اور دیگر تین مطالبات تسلیم نہ کئے تو 27دسمبر کے بعد احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔ انہوں تمام نئے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں جا کر تنظیم کو منظم اور متحرک کریں۔

یہ بات انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ اور خیبرپختونخواہ کے نئے عہدیداروں کو دئیے گئے عشائیہ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کی۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ 30نومبر سے ایک ہفتہ تک یوم تاسیس کے حوالے سے لاہور میں تقریبات ہوں گی اور وہ تمام صوبوں کے کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹیرینز کو ہدایت کی کہ وہ قومی سلامتی کمیٹی کے قیام پر زور دیں اور حکومت کو مجبور کریں تاکہ قومی سلامتی کمیٹی جلد از جلد قائم کی جائے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ کرنے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ افراد اور ادارے جو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہے ہیں ان کا احتساب کیا جائے۔ اس موقع پر پارٹی رہنمائوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے درخواست کی کہ وہ آئندہ سال پارلیمانی سیاست کا حصہ بنیں۔ پارٹی رہنمائوں نے اتفاق رائے سے کہا کہ اب وقت آگیا ہے اور آپ کا پارلیمنٹ میں آنا بہت ضروری ہے۔ اس سے پارٹی اور پارلیمانی سیاست میں کی ساکھ میں اضافہ ہوگا۔