خواتین اور بچوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کو برداشت نہیں کریں گے،وزیراعظم

جمعرات 24 نومبر 2016 12:56

خواتین اور بچوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کو برداشت نہیں کریں گے،وزیراعظم
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 نومبر2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت بھارتی فورسز کی طرف سے نیلم ویلی میں مسافر بس پر حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کے حوالے سے صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر ‘ معاون خصوصی طارق فاطمی ‘ مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھارتی فوج نے مسافر بس کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج نے زخمیوں کو لانے والی ایمبولیسز کو بھی نشانہ بنایا۔ اجلاس میں بھارتی فورسز کی طرف سے بس پر حملے کے نتیجے میں خون ریزی کی شدید مذمت کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کشمیریوں کی سیاسی ‘ سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

اجلاس میں عالمی برادری سے بھارت کی جانب سے شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے‘ سرحد پر بھارت کی جانب سے کشیدگی بڑھانے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ کہا گیا کہ عالمی برادری ایل او سی پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ اجلاس نے ملکی دفاع کیلئے جانیں قربان کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایمبولینس پر حملہ عالمی انسانی حقوق کے قوانین ی کھلی خلاف ورزی ہے۔

بھارت انسانی حقوق کی خلاف و رزیوں سے جان بوجھ کر عالمی توجہ ہٹا رہا ہے۔ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کو قتل عام کر رہی ہیں۔ دنیا اور بھارت جان لے پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کا ساتھ نہیں چھوڑیں گی۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کی حمایت جاری رکھے گی۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ بھارت کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے باوجود پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کو برداشت نہیں کریں گے۔ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ ہم کشمیری بھائیو ں کو آزادی کی جدوجہد میں تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔