حضرت محمد ﷺ کی سیرت زندگی اور تعلیمات تمام بنی ونوح انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے،کمشنر سکھر

جمعرات 24 نومبر 2016 19:17

حضرت محمد ﷺ کی سیرت زندگی اور تعلیمات تمام بنی ونوح انسانیت کے لیے ..
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2016ء)کمشنر سکھر ڈویژ ن محمد عباس نے کہاہے کہ محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ کی سیرت زندگی اور تعلیمات تمام بنی ونوح انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے نبی کریم ؐ نے صبر ، برداشت، اتحاد، بھائی چارے کا درس دیا حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرکے معاشرتی برائیوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں ڈی سی آفس سکھر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ دراصل پاکستان کے دشمن ملک کی ترقی سے نا لاں ہیں اس لئے وہ کسی بھی طرح ہمارے ملک کو معاشی طور پر کمزور بنانے کے لئے سی پیک منصوبے کو ناکام بنانا چاہتے ہیں اور مختلف حربے استعمال کر کے دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لحاظ سے محفوظ ملک نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم انفرادی طور پر اپنے عمل اور کردار سے پوری دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم مسلمان سب ایک ہیں اور ہمارے رہنماؤں کی سوچ مثبت ہے اس لئے ہمیںمستقبل میں اپنی آئندہ نسلوں کو حضور اکرم ﷺ کے پیغام اور سیرت پر عمل کرنے اور ان میں مثبت سوچ اجاگر کرنے کے لئے ان کی تربیت کرنی ہو گی تا کہ وہ ملک و قوم کے بہتر اور پر امن شہری بن کر زندگی گزار سکیں۔

انہوں نے خیرپور ، سکھر اور گھوٹکی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ عید میلاد النبی ؐکے سلسلے میں اپنے علاقوں میں صفائی ستھرائی ، لائیٹنگ اور دیگر انتظامات کے لیے اقدامات کریں انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے سربراہوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 12 ربیع کے موقع پر اپنے آفسز میں چراغا ںکریں ۔ کمشنرسکھر نے 12ربیع الاول کے موقع پر ڈویژن میں ضلعی سطح پرکنٹرول روم اور امن کمیٹیوں کو فعال بنانے کی بھی ہدایت کی ۔

اس موقع پر ڈی آئی جی سکھرفیروز شاہ نے علماء کرام کوحفاظتی انتظامات کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے کہا کہ وہ ضابطہ اخلاق پر پابندی سے عمل کریں اور جلوسوں کے لئے جو روٹس متعین کئے گئے ہیں انہی راستوں سے جلوس نکالے جائیں انہوں نے مزید کہا کہ وال چاکنگ اور قابل اعتراض تقاریر سے گریز کیا جائے تا کہ کسی کی بھی دل آزاری نہ ہو اس سلسلے میں سول ڈیفنس اور رضا کار اسکاؤٹس کی فہرستیں فراہم کی جائیں تا کہ ان کو پولیس کی جانب سے مطلوبہ تربیت دلای جائے اور اس طرح کے اہم مواقع پر ان کی خدمات سے استفادہ کیا جا سکے ۔

اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ، ایس ایس پیز اور دیگر متعلقہ افسرا ن کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔